پاکستان کے انکار سے بھارتی کرکٹ کی اجارہ داری بے نقاب، سابق انگلش بیٹر کا اعتراف

پاکستان کے انکار سے بھارتی کرکٹ کی اجارہ داری بے نقاب، سابق انگلش بیٹر کا اعتراف

چیمپئنز ٹرافی سمیت متعدد عالمی ایونٹس میں بھارت کے لیے خصوصی رعایتیں دی گئیں، سابق بیٹر

سابق انگلش کرکٹر مارک بچر نے اعتراف کیا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا پاکستان کا فیصلہ نہ صرف جرات مندانہ تھا بلکہ اس نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور بھارتی کرکٹ کی مبینہ اجارہ داری کو بھی ہلا کر رکھ دیا ہے۔

مارک بچر کا کہنا تھا کہ پاک بھارت میچ کو ہمیشہ کرکٹ کی دنیا کا سب سے زیادہ منافع بخش مقابلہ سمجھا جاتا ہے، اسی لیے آئی سی سی دانستہ طور پر دونوں ٹیموں کو ایک ہی گروپ میں رکھتی ہے۔

ان کے مطابق یہ کوئی اتفاق نہیں بلکہ ایک طے شدہ کاروباری فارمولا ہے، جس میں صرف بھارت کو فائدہ پہنچایا جاتا ہے جبکہ باقی ٹیموں کے لیے سخت قوانین لاگو رہتے ہیں۔

سابق انگلش کرکٹر نے مزید کہا کہ چیمپئنز ٹرافی سمیت متعدد عالمی ایونٹس میں بھارت کے لیے خصوصی رعایتیں دی گئیں، بھارت اپنی مرضی کے وینیوز پر کھیلتا رہا جبکہ دیگر ٹیموں کو ایڈجسٹ کرنے پر مجبور کیا جاتا رہا۔

تاہم اس بار پاکستان نے خاموش رہنے کے بجائے دباؤ ڈالنے کا راستہ اختیار کیا، جو واحد اور مؤثر حکمتِ عملی ثابت ہوئی۔

مارک بچر کے مطابق پاکستان کے اس انکار نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ کرکٹ میں اصل طاقت اب بھی پاکستان کے پاس ہے، اور آئی سی سی بھارت کے بغیر نہیں بلکہ پاکستان کے بغیر بھی بڑے فیصلے نہیں کر سکتی۔

واضح رہے کہ حکومتِ پاکستان نے 15 فروری کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا باضابطہ اعلان کیا تھا، جس کے بعد آئی سی سی کو شدید دباؤ اور غیر معمولی تشویش کا سامنا ہے، جبکہ بھارتی کرکٹ حلقوں میں بھی بے چینی پائی جا رہی ہے۔

Related posts

اسلام آباد میں پہلی انڈسٹریل ایکسپو 2026 کا کامیاب اختتام

بلوچستان دہشت گرد حملے عالمی امن کے لیے خطرہ، اقوامِ متحدہ کا دوٹوک اعلان

پاکستان اور آئرلینڈ کا وارم اپ میچ بارش کے باعث منسوخ