نور جہاں کا تاریخی ہار برسوں بعد ریڈ کارپٹ پر واپس آگیا
اداکارہ مارگو روبی کے گلے میں مغلیہ دور کا نایاب ہار سب کی توجہ کا مرکز بن گیا
ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ مارگو روبی اپنی نئی فلم کے پریمئر کے موقع پر اس وقت سب کی توجہ کا مرکز بن گئیں جب ان کے گلے میں موجود ایک نایاب اور تاریخی ہار نے شائقین اور میڈیا کی نظریں اپنی جانب کھینچ لیں۔
دل کی شکل میں تیار کیا گیا یہ ہار ہیرے اور دیگر قیمتی پتھروں سے مزین ہے اور اس کا تعلق مغلیہ سلطنت سے بتایا جاتا ہے۔
تاریخی روایات کے مطابق یہ ہار مغل بادشاہ جہانگیر نے اپنی ملکہ نور جہاں کو تحفے میں دیا تھا، بعد ازاں یہی زیور شاہ جہاں نے ممتاز محل کو پیش کیا۔
اس ہار پر فارسی زبان میں یہ الفاظ کندہ ہیں کہ ’’محبت ہمیشہ قائم رہتی ہے‘‘، جو اس کی تاریخی اور جذباتی اہمیت کو مزید بڑھاتے ہیں۔
صدیوں بعد یہ نایاب زیور ایک معروف جیولری کمپنی کے پاس پہنچا، جہاں سے ہالی ووڈ کے مشہور اداکار رچرڈ برٹن نے اسے اداکارہ ایلزبتھ ٹیلر کو تحفے میں دیا جبکہ 2011 میں یہ ہار 88 لاکھ ڈالر میں نیلام ہوا۔
برسوں بعد اب یہ تاریخی ہار کسی عجائب گھر کے بجائے ریڈ کارپٹ پر جلوہ گر ہوا، جہاں اس نے ایک بار پھر سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی۔