اسپین میں ٹرین حادثہ: کم از کم 40 ہلاک، تین روزہ قومی سوگ کا اعلان
حادثے کے وقت ٹرین میں تقریباً 300 مسافر سوار تھے جو میڈرڈ سے جنوبی شہر ہوئیلوا جا رہے تھے
اسپین میں ہولناک ٹرین حادثے میں 40 افراد کی ہلاکت کے بعد حکومت نے تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق آندلوسیا کے صوبے قرطبہ کے علاقے آدموز کے قریب ایک تیز رفتار ٹرین پٹڑی سے اتر کر مخالف سمت سے آنے والی ٹرین سے ٹکرا گئی۔
حادثے میں کم از کم 40 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ حادثے کے وقت ٹرین میں تقریباً 300 مسافر سوار تھے جو میڈرڈ سے جنوبی شہر ہوئیلوا جا رہے تھے۔
حادثے کے 18 گھنٹے بعد بھی ریسکیو ٹیمیں تباہ شدہ بوگیوں اور ملبے میں دبے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔ کئی خاندان اپنے پیاروں سے رابطہ نہ ہو پانے پر شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔
مزید پڑھیں: اسپین نے بھی یورویژن سے دستبرداری کا اعلان کر دیا ، وجہ کیا بنی ؟
ایک متاثرہ شخص خوان باروسو نے بتایا کہ ان کے خاندان کے پانچ افراد ٹرین میں سوار تھے، جن میں سے صرف ایک چھ سالہ بچہ مل سکا ہے جبکہ چار افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
پولیس کے مطابق لاپتہ افراد کی شناخت کے لیے مختلف مقامات پر دفاتر قائم کر دیے گئے ہیں جہاں شہری ڈی این اے نمونے جمع کرا سکتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر بھی شہری اپنے پیاروں کی تصاویر شیئر کر کے مدد کی اپیل کر رہے ہیں۔
اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے جائے حادثہ کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کی تحقیقات مکمل اور شفاف ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم جاننا چاہتی ہے کہ یہ سانحہ کیسے پیش آیا اور ذمہ دار کون ہے، اور ماہرین کی تحقیقات جلد حقائق سامنے لے آئیں گی۔
انھوں نے 20 جنوری سے ملک میں تین روزہ سوگ شروع کرنے کا بھی اعلان کیا۔
آندلوسیا کی علاقائی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ بعض بوگیاں بری طرح مسخ ہو چکی ہیں، جس کے باعث بھاری مشینری کے ذریعے ریسکیو کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق حادثے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ بعض لاشیں جائے حادثہ سے سینکڑوں میٹر دور جا گریں۔
واضح رہے کہ اسپین کا ہائی اسپیڈ ریلوے نیٹ ورک یورپ میں سب سے بڑا اور دنیا میں چین کے بعد دوسرا بڑا ہے، جس پر ہر سال کروڑوں مسافر سفر کرتے ہیں۔