بنگلا دیشی کھلاڑیوں کا احتجاج رنگ لے آیا، نظم السلام کو فارغ کر دیا گیا

بنگلا دیشی کھلاڑیوں کا احتجاج رنگ لے آیا، نظم السلام کو فارغ کر دیا گیا

صورتحال کی سنگینی دیکھتے ہوئے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کو پسپائی اختیار کرنا پڑی

بنگلا دیش کرکٹ ایک غیر معمولی بحران سے دوچار ہو گئی ہے جہاں کھلاڑیوں کے کھلے بائیکاٹ نے بنگلادیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کو مفلوج کر کے رکھ دیا۔

میرپور ڈھاکا میں آج کھیلا جانے والا چٹوگرام رائیلز اور ناؤخلی ایکسپریس کا میچ اس وقت منسوخ ہو گیا جب دونوں ٹیموں نے ٹاس کے لیے میدان میں آنے سے انکار کر دیا۔

یہ اقدام محض ایک میچ کا بائیکاٹ نہیں بلکہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے خلاف کھلاڑیوں کی اجتماعی بغاوت قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق تنازع کی جڑ بی سی بی کے ڈائریکٹر اور فنانس کمیٹی کے سربراہ نظم السلام کا متنازع بیان بنا، جس نے کھلاڑیوں کو شدید غصے میں مبتلا کر دیا۔

نظم السلام نے دعویٰ کیا تھا کہ ورلڈکپ میں شرکت سے بورڈ کو کوئی فائدہ نہیں ہوتا اور اگر ٹیم بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں نہ گئی تو اصل نقصان کھلاڑیوں کو ہوگا، کیونکہ انہیں میچ فیس نہیں ملے گی۔ اس بیان کو کھلاڑیوں نے توہین آمیز، دھمکی آمیز اور کرکٹ دشمن سوچ قرار دیا۔

نظم السلام کے بیان کے بعد بنگلا دیشی کرکٹرز نے تمام فارمیٹس کے بائیکاٹ کی دھمکی دیتے ہوئے ان کے فوری استعفے کا مطالبہ کر دیا۔ جب مطالبات نظرانداز ہوئے تو دھمکی عملی اقدام میں بدل گئی اور بی پی ایل کا میچ کھیلنے سے صاف انکار کر دیا گیا، جس سے لیگ کا تسلسل خطرے میں پڑ گیا۔

صورتحال کی سنگینی دیکھتے ہوئے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کو پسپائی اختیار کرنا پڑی۔ بی سی بی نے ہنگامی اجلاس کے بعد نظم السلام کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا۔

بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ کھیل کے بہترین مفاد میں اور آئینی تقاضوں کے مطابق یہ فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ فنانس کمیٹی کی ذمہ داریاں عبوری طور پر بی سی بی کے صدر سنبھالیں گے۔

بی سی بی نے امید ظاہر کی ہے کہ کھلاڑی پیشہ ورانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے بی پی ایل میں واپس آئیں گے، تاہم مبصرین کا کہنا ہے کہ معاملہ محض ایک عہدے کی تبدیلی تک محدود نہیں۔

Related posts

متحدہ عرب امارات کے صدر عالمی رہنماؤں اور عالمی حکومتوں کے سربراہی اجلاس میں وفد کے سربراہان سے ملاقات کرتے ہیں

فروری کا مہینہ ہانیہ عامر کیلئے خاص کیوں؟

مادھوری کے گانے پر امر خان کو بولڈ لباس میں رقص کرنا مہنگا پڑ گیا