امریکی صدر کا ایران پر معاشی حملہ، 25 فیصد اضافی ٹیرف عائد کردیا

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف معاشی دباؤ میں مزید اضافہ کرتے ہوئے ایران پر اضافی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق امریکا ایران کے ساتھ تجارتی روابط رکھنے والے ممالک پر 25 فیصد اضافی ٹیرف نافذ کرے گا، جس کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ یہ اقدام ایران پر دباؤ بڑھانے اور اس کی پالیسیوں کو محدود کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق نئے ٹیرف کا مقصد عالمی سطح پر ایران کے ساتھ اقتصادی سرگرمیوں کو روکنا ہے، جبکہ اس فیصلے کے بعد عالمی منڈیوں اور متاثرہ ممالک میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

مزید پڑھیں: تہران میں ہنگامے شدید، ٹرمپ کو ایران پر حملے کیلیے بریفنگ دے دی گئی

ایرانی حکومت کا تختہ الٹنا مقصد نہیں، امریکی حکام

دوسری جانب، امریکی حکام نے واضح کیا ہے کہ ایران پر کسی ممکنہ فوجی کارروائی کا مقصد ایرانی قیادت کو ہلاکتوں کے حوالے سے سخت پیغام دینا ہوگا، نہ کہ ایرانی حکومت کا تختہ الٹنا۔

نیویارک ٹائمز نے رپورٹ کیا ہے کہ کسی بھی کارروائی کا براہِ راست مقصد حکومت کی تبدیلی نہیں ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک طرف فوجی آپشنز کو تیار رکھے ہوئے ہیں جبکہ دوسری جانب سفارتکاری کے عمل کو بھی آگے بڑھا رہے ہیں، تاکہ دباؤ اور مذاکرات بیک وقت جاری رہیں۔

صدر ٹرمپ فوجی طاقت کے استعمال سے خوفزدہ نہیں، ترجمان وائٹ ہاؤس

وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف فوجی طاقت کے استعمال سے خوفزدہ نہیں، تاہم وہ ایران کے ساتھ سفارتکاری کو ترجیح دینا چاہتے ہیں۔

ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولین لیویٹ کے مطابق ایران عوامی سطح پر کچھ اور جبکہ امریکا سے بات چیت میں کچھ اور مؤقف اختیار کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی راستہ کھلا رکھنا چاہتے ہیں، مگر تمام آپشنز میز پر موجود ہیں۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے مزید بتایا کہ صدر ٹرمپ نے ایران میں انٹرنیٹ کے معاملے پر ٹیکنالوجی ارب پتی ایلون مسک سے بھی بات چیت کی ہے۔

دوسری جانب ترجمان وائٹ ہاؤس نے انکشاف کیا کہ وینزویلا میں عبوری حکام نے سیاسی قیدیوں کی رہائی پر اتفاق کر لیا ہے، جبکہ امریکا اور وینزویلا کے درمیان توانائی کے معاہدوں کو بھی حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

Related posts

یونان کے قریب کشتی تصادم، پندرہ تارکین وطن ہلاک، 50 سے زائد زخمی

اسلام آباد میں پہلی انڈسٹریل ایکسپو 2026 کا کامیاب اختتام

بلوچستان دہشت گرد حملے عالمی امن کے لیے خطرہ، اقوامِ متحدہ کا دوٹوک اعلان