کراچی میں گیس کا بدترین بحران، شہری اور صنعتیں شدید مشکلات کا شکار

کراچی میں گیس کا بدترین بحران، شہری اور صنعتیں شدید مشکلات کا شکار

مختلف علاقوں میں نئی پائپ لائنوں کے لیے کی جانے والی کھدائی سے شہری پہلے ہی مشکلات کا شکار تھے

کراچی میں گیس کی فراہمی کا بحران سنگین صورت اختیار کر گیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں گیس مکمل طور پر معطل یا انتہائی کم پریشر پر فراہم کی جا رہی ہے، جس کے باعث گھریلو اور کمرشل صارفین شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔

ذرائع کے مطابق گیس فیلڈز بند ہونے کے باعث کراچی میں گیس کی قلت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ایک گیس فیلڈ کی بندش سے 30 ایم ایم سی ایف ڈی جبکہ دوسری گیس فیلڈ بند ہونے سے مزید 15 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی کمی واقع ہوئی ہے۔

اس طرح دو گیس فیلڈز کی بندش کے باعث سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کو مجموعی طور پر 45 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی کمی کا سامنا ہے۔

گیس کی شدید قلت کے باعث صنعتی علاقوں میں صورتحال مزید خراب ہو گئی ہے، جہاں فیکٹریاں اور صنعتی یونٹس گیس نہ ملنے کے سبب جزوی یا مکمل طور پر بند ہونے کے خدشے سے دوچار ہیں۔

صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ گیس کی عدم فراہمی سے پیداواری عمل متاثر ہو رہا ہے اور معاشی نقصان بڑھتا جا رہا ہے۔

شہریوں نے شکایت کی ہے کہ ایس ایس جی سی نے شہر میں اربوں روپے خرچ کر کے نئی گیس لائنیں تو بچھا دی ہیں، تاہم اس کے باوجود گیس پریشر نہ ہونے کے برابر ہے۔

مختلف علاقوں میں نئی پائپ لائنوں کے لیے کی جانے والی کھدائی سے شہری پہلے ہی مشکلات کا شکار تھے، اب گیس کی بندش نے مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

ملیر، سعود آباد، نارتھ کراچی، پی آئی بی کالونی، ناظم آباد، شادمان ٹاؤن، سرسید ٹاؤن، کاٹھور، گارڈن، بورا پیر، اختر کالونی، منظور کالونی، چنسر گوٹھ، گڈاپ سٹی، اورنگی، لیاقت آباد سمیت شہر کے متعدد علاقوں میں گیس کی شدید قلت برقرار ہے۔

Related posts

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یومِ یکجہتی کشمیر منایا جارہا ہے

متحدہ عرب امارات کے صدر نے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے پیراگوئے کے صدر سے ملاقات کی

متحدہ عرب امارات کے صدر نے نوجوان رہنماؤں کے لئے عرب اجلاس سے وفد کا خیرمقدم کیا