ثمینہ احمد نے ساس بہو کے موضوعات پر بننے والے ڈراموں کی حمایت کیوں کی؟
ثمینہ احمد نے ساس بہو ڈراموں کی حمایت کردی
پاکستان کی سینئر اداکارہ ثمینہ احمد نے پاکستانی ٹی وی پر نشر ہونے والے ساس بہو کے موضوعات پر مبنی ڈراموں کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ڈرامے خواتین کے حقوق اور بااختیاری میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران ثمینہ احمد نے کہا کہ بہت سے لوگ تنقید کرتے ہیں کہ ساس بہو کے موضوعات پر ڈرامے کیوں بنائے جاتے ہیں۔
اداکارہ کے مطابق یہ زیادہ تر مرد ہوتے ہیں جو ڈرامے دیکھتے بھی نہیں لیکن پھر بھی خواتین کے مسائل پر بننے والے مواد پر سوال اٹھاتے ہیں۔
ثمینہ احمد نے کہا کہ ہر چیز کے دو پہلو ہوتے ہیں اور ان ڈراموں نے خواتین کو بااختیار بنانے میں مدد کی ہے، اب بہت سی خواتین اداکاری کے شعبے میں آ رہی ہیں اور سیٹ پر خواتین کی موجودگی میں اضافہ ہوا ہے، جو اس صنعت میں مثبت تبدیلی کی علامت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو کہانیاں ڈراموں میں دکھائی جاتی ہیں، وہ اکثر ہمارے گھروں کی حقیقی زندگی سے جڑی ہوتی ہیں، اس لیے یہ ڈرامے ہماری روزمرہ زندگی کے مسائل کو اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ ہیں۔