کرکٹ ایک ملک کی جاگیر نہیں، سیاست نہ رکی تو آئی سی سی کو تالا لگا دینا چاہیے، سعید اجمل
اگر فیصلے انصاف پر مبنی ہوں گے تو وہی ہوگا جو پاکستان سمیت دیگر کرکٹ بورڈز چاہتے ہیں
پاکستان کے سابق ٹیسٹ اسپنر سعید اجمل نے عالمی کرکٹ کے نظام پر کھل کر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
کراچی میں پی سی سی ایل (PCCL) کے دوسرے ایڈیشن کی لانچنگ تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے آئی سی سی کو آئینہ دکھا دیا اور کہا کہ اگر کرکٹ کو سیاست سے الگ نہیں رکھا جا سکتا تو پھر ایسے ادارے کے وجود کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
سعید اجمل کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کو فیئر پلے اور کھیل کی روح کے مطابق فیصلے کرنے چاہئیں، کیونکہ دنیا کی کرکٹ کسی ایک ملک کی مرضی سے نہیں چل سکتی۔
ان کے بقول اگر فیصلے انصاف پر مبنی ہوں گے تو وہی ہوگا جو پاکستان سمیت دیگر کرکٹ بورڈز چاہتے ہیں۔
انہوں نے بھارت پر بالواسطہ تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب پوری دنیا کی ٹیمیں پاکستان آکر کھیل رہی ہیں تو پھر بھارت کو پاکستان آنے میں کیا مسئلہ ہے؟
سعید اجمل نے واضح الفاظ میں کہا کہ کرکٹ کو سیاست کی نذر کرنا کھیل کے ساتھ ناانصافی ہے۔
قومی ٹیم کے اسپنر عثمان طارق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سعید اجمل نے کہا کہ بظاہر وہ اچھے دکھائی دیتے ہیں، تاہم پی سی بی کو سنجیدگی سے ایکشن لینا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ سوال اہم ہے کہ آخر پاکستانی کھلاڑیوں کے ایکشن پر بار بار اعتراضات کیوں اٹھتے ہیں یا کیوں اٹھائے جاتے ہیں۔
