احمد علی بٹ نے اپنے مداحوں کو بڑا سرپرائز دے دیا
احمد علی بٹ نے ایک بار پھر موسیقی کی دنیا میں قدم رکھ دیا
پاکستان کے معروف کامیڈین، اداکار، میزبان اور گلوکار احمد علی بٹ نے ایک بار پھر موسیقی کی دنیا میں قدم رکھ کر اپنے مداحوں کو سرپرائز دے دیا ہے۔
احمد علی بٹ نے انسٹاگرام پر اپنی نئی میوزک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے ریپر وقار شاہ کے ساتھ مل کر تیار کیا گیا نیا پنجابی ریپ ٹریک پیش کیا ہے، تاہم یہ گانا ریلیز ہوتے ہی شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔
یہ نیا گانا احمد علی بٹ کے وائرل ٹیلنٹ شو ’لاکھوں میں ایک‘ کے پلیٹ فارم سے ریلیز کیا گیا، جس میں ان کی بھرپور توانائی اور وقار شاہ کے منفرد ریپ اسٹائل نے گانے کو مزید جان دار بنا دیا ہے۔
گانے کی موسیقی ہائی انرجی بیٹس اور جدید پنجابی ریپ کے امتزاج پر مشتمل ہے، جو خاص طور پر نوجوان نسل میں مقبول ہو رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر مداح اس میوزیکل واپسی کو خوب سراہا رہے ہیں اور کئی صارفین کا کہنا ہے کہ احمد علی بٹ کا یہ نیا انداز پاکستانی میوزک انڈسٹری کے لیے ایک مثبت اور خوش آئند اضافہ ہے۔