امریکی صدر کا وینزویلا کی جانب سے بڑی تعداد میں سیاسی قیدیوں کی رہائی کا خیرمقدم

امریکی صدر کا وینزویلا کی جانب سے بڑی تعداد میں سیاسی قیدیوں کی رہائی کا خیرمقدم

دونوں ممالک کے درمیان تیل اور گیس کے شعبے میں انفرااسٹرکچر کی ازسرنو تعمیر پر تعاون جاری ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کی جانب سے بڑی تعداد میں سیاسی قیدیوں کی رہائی کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پیش رفت سے امریکا اور وینزویلا کے درمیان تعلقات میں بہتری کے آثار نمایاں ہورہے ہیں۔

وائٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تیل اور گیس کے شعبے میں انفرااسٹرکچر کی ازسرنو تعمیر پر تعاون جاری ہے جو خطے میں معاشی استحکام کے لیے ایک مثبت قدم ہے۔

صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ وینزویلا پر ممکنہ حملوں کی دوسری لہر منسوخ کردی گئی ہے تاہم سلامتی کی صورتحال کے پیش نظر امریکی بحری جہاز اپنی موجودہ پوزیشنز پر برقرار رہیں گے۔

امریکی صدر کے مطابق امریکا کی بڑی آئل کمپنیاں وینزویلا میں تیل و گیس کے شعبے میں سو ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں جس سے نہ صرف وینزویلا کی معیشت کو سہارا ملے گا بلکہ خطے میں توانائی کے شعبے کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ آج وائٹ ہاؤس میں بڑی آئل کمپنیوں کے نمائندوں سے اہم ملاقات متوقع ہے جس میں وینزویلا میں سرمایہ کاری اور توانائی کے منصوبوں پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔

امریکی صدر نے اس امید کا اظہار کیا کہ سیاسی قیدیوں کی رہائی جیسے اقدامات مستقبل میں مزید مثبت پیش رفت کی راہ ہموار کریں گے اور دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی کو فروغ ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا خطے میں امن، استحکام اور معاشی ترقی کے لیے سفارتی اور تجارتی تعاون کو ترجیح دیتا رہے گا۔

Related posts

نیدرلینڈز کیخلاف بازی پلٹنے والے فہیم اشرف کے سوشل میڈیا پر چرچے

نیدرلینڈز کیخلاف پاکستان کی فتح فہیم اشرف کے جڑواں بیٹوں کے نام

اسما عباس نے چیٹ جی پی ٹی کو اپنی ’بیٹی‘ کیوں بنایا؟