پاک فضائیہ کے سربراہ کی سعودی عرب میں اعلیٰ سطح ملاقاتیں، دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
ملاقاتوں کے دوران دو طرفہ دفاعی تعاون، علاقائی سیکیورٹی ماحول اور مستقبل میں تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا
پاک فضائیہ کے چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدهو ان دنوں سعودی عرب کے دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے لیفٹیننٹ جنرل ترکی بن بندر بن عبدالعزیز، کمانڈر رائل سعودی ائیر فورس، اور جنرل فیاض بن حمید الرولی، چیف آف جنرل اسٹاف، سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایئر چیف کے سعودی عرب پہنچنے پر رائل سعودی ائیر فورس کی گارڈ آف آنر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
ملاقاتوں کے دوران دو طرفہ دفاعی تعاون، علاقائی سیکیورٹی ماحول اور مستقبل میں تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں ممالک نے موجودہ تعاون کی سطح سے اطمینان کا اظہار کیا اور مشترکہ تربیت، عملی تعاون اور پیشہ ورانہ تجربے کے تبادلے کے ذریعے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا، اس موقع پر پاکستان سعودی عرب دفاعی معاہدے کو اعتماد اور بھائی چارے کی علامت قرار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری
ایئر چیف نے دو طرفہ تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا اور بین الاقوامی اور دوطرفہ مشقوں کے ذریعے فوجی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے پاک فضائیہ کی ملٹی ڈومین فورس میں تبدیلی، جس میں اسپیس، سائبر، الیکٹرانک وارفیئر اور مصنوعی ذہانت کی صلاحیتیں شامل ہیں، کو عملی کارکردگی کے ذریعے ظاہر کرنے پر بھی روشنی ڈالی۔
سعودی دفاعی قیادت نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، عملی کارکردگی اور لڑاکا تیاری کی تعریف کی اور ملٹی ڈومین آپریشنز کے شعبے میں مشترکہ تربیت اور عملی تعاون بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی، انہوں نے علاقائی امن و استحکام میں پاکستان کے مثبت کردار کو بھی سراہا۔