امریکی بحریہ نے تیل سے لدی ایرانی کشتی ضبط کرلی

امریکی بحریہ نے تیل سے لدی ایرانی کشتی ضبط کرلی

یہ واقعہ امریکی بحریہ کی مسلسل عالمی کارروائیوں کا حصہ ہے، مارکو روبیو

واشنگٹن:  امریکا نے تیل سے لدی ایک ایرانی کشتی ضبط کرلی ہے، جس کو پاسداران انقلاب سے منسلک بتایا جارہا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے کہا ہے کہ امریکی بحریہ نے عالمی کارروائیوں کے تحت تیل سے لدی ایک ایرانی کشتی ضبط کرلی ہے، جو پاسدارانِ انقلاب سے منسلک تھی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بتایا کہ یہ واقعہ امریکی بحریہ کی مسلسل عالمی کارروائیوں کا حصہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی بیڑے بحیرۂ روم میں موجود ہیں جبکہ مشرقِ وسطیٰ اور دیگر اہم سمندری علاقوں میں بھی امریکی بحری جہاز تعینات ہیں۔

دوسری جانب امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ کی سی این این کے ایک صحافی سے تکرار بھی سامنے آئی۔

صحافی کی جانب سے فوجی آپریشن کی لاگت سے متعلق سوال پر پیٹ ہیگستھ برہم ہوگئے اور کہا کہ ایسے سوالات ایک خفیہ فوجی مشن کی کامیابی کو کمزور کرنے کی کوشش ہیں۔

واشنگٹن میں گفتگو کرتے ہوئے پیٹ ہیگستھ نے واضح کیا کہ امریکی فوج کی کارروائیاں جاری رہیں گی اور امریکی مفادات کے تحت فوج آگے بڑھتی رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ محض بیانات پر نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔

وزیر خارجہ مارکو روبیو نے مزید بتایا کہ امریکا نے وینزویلا کے تیل کی بین الاقوامی منڈی میں فروخت کا نظام بھی سنبھال لیا ہے۔

ان کے مطابق وینزویلا سے ضبط کیے گئے تیل کو ممکنہ معاہدے کا حصہ بنایا جائے گا۔

مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ وینزویلا کی قیادت یہ بات سمجھتی ہے کہ امریکا سے تعاون کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں۔

Related posts

یونان کے قریب کشتی تصادم، پندرہ تارکین وطن ہلاک، 50 سے زائد زخمی

اسلام آباد میں پہلی انڈسٹریل ایکسپو 2026 کا کامیاب اختتام

بلوچستان دہشت گرد حملے عالمی امن کے لیے خطرہ، اقوامِ متحدہ کا دوٹوک اعلان