مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے لئے سرکاری ٹریول ایجنٹس کا اعلان
شائقین کو سختی سے متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ جعلی ٹکٹس یا غیر مستند فروخت کنندگان سے خریداری سے گریز کریں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے لیے سرکاری ٹریول ایجنٹس کا باضابطہ اعلان کردیا ہے اور شائقین کرکٹ کو جعلی ٹکٹس اور غیر مستند سیلرز سے ہوشیار رہنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کا انعقاد 7 فروری سے 8 مارچ تک بھارت اور سری لنکا میں کیا جائے گا۔ 20 ٹیموں پر مشتمل ایونٹ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ کا دسواں ایڈیشن ہوگا جس میں دنیا بھر سے ٹاپ کرکٹ ٹیمیں شرکت کریں گی۔
ٹورنامنٹ کے میچز سات شہروں کے آٹھ تاریخی اسٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے۔ بھارت میں احمد آباد، چنئی، کولکتہ، ممبئی اور نئی دہلی کو میچز کی میزبانی دی گئی ہے جب کہ سری لنکا کے شہر کولمبو اور کینڈی بھی ورلڈکپ میچز کی میزبانی کریں گے۔
آئی سی سی نے واضح کیا ہے کہ شائقین کرکٹ صرف منظور شدہ سرکاری ٹریول ایجنٹس کے ذریعے ہی ورلڈکپ کے سفری پیکجز خریدیں تاکہ کسی بھی قسم کی دھوکہ دہی سے بچا جاسکے۔ آفیشل پیکجز میں تصدیق شدہ میچ ٹکٹس، سفری سہولیات اور دیگر ضروری انتظامات شامل ہوں گے۔
اعلامیے میں شائقین کو سختی سے متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ جعلی ٹکٹس یا غیر مستند فروخت کنندگان سے خریداری سے گریز کریں۔ ورلڈ کپ کے تمام سرکاری پیکجز آئی سی سی ٹریول اینڈ ٹورز کی ویب سائٹ کے ذریعے دستیاب ہوں گے۔
آئی سی سی نے مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے لیے 8 سرکاری ٹریول ایجنٹس کی فہرست بھی جاری کردی ہے جن کے ذریعے شائقین محفوظ اور مستند انداز میں اپنے سفری و میچ پیکجز حاصل کرسکیں گے۔