ایشز سیریز : بیتھل نے کم عمری میں سنچری جڑ کر نیا ریکارڈ بنا دیا
22 سالہ جیکب بیتھل نے 229 گیندوں پر ناقابلِ شکست 142 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر نیا ریکارڈ قائم کردیا
سڈنی : جیکب بیتھل اکیسویں صدی میں ایشز میں سنچری بنانے والے انگلینڈ کے دوسرے کم عمر کھلاڑی بن گئے ہیں۔
انگلینڈ کے کم عمر بلے باز 22 سالہ جیکب بیتھل نے 229 گیندوں پر ناقابلِ شکست 142 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر نیا ریکارڈ قائم کردیا۔
ایک جانب بیتھل نے انگلینڈ کی مشکلات کو کم کیا تو دوسری جانب انھوں نے انگلینڈ کے دوسرے کم عمر بیٹر کا بھی اعزاز حاصل کیا، بیتھل سے قبل یہ اعزاز 2006 میں الیسٹر کک نے حاصل کیا تھا۔
اس سیریز میں محدود مواقع کے باوجود بیتھل نے کپتان بین اسٹوکس اور کیمرون گرین سے زیادہ رنز اسکور کیے، جبکہ اس ایک اننگز میں ان کے رنز پہلے تین ٹیسٹوں میں اولی پوپ کے مجموعی رنز سے بھی زیادہ رہے۔
کرکٹ مبصرین کے مطابق بیتھل کی اننگز تکنیک، اعتماد اور ذہنی مضبوطی کا شاندار امتزاج تھی، خاص طور پر ایسی پچ پر جہاں غیر متوقع ٹرن دیکھنے میں آ رہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ سنچری نہ صرف موجودہ میچ بلکہ انگلینڈ کے مستقبل کے لیے بھی ایک واضح اشارہ ہے کہ ٹیم کو ایک قابلِ اعتماد ٹاپ آرڈر بلے باز مل چکا ہے۔
جیکب بیتھل نے میچ سے قبل گفتگو میں کہا تھا کہ وہ تعریف یا تنقید سے زیادہ اپنے کھیل پر توجہ رکھتے ہیں اور سوشل میڈیا سے دور رہ کر کرکٹ پر فوکس کرنا چاہتے ہیں۔
ان کی حالیہ کارکردگی نے ثابت کر دیا ہے کہ انگلینڈ کرکٹ کو ایک نیا اور روشن چہرہ مل گیا ہے۔
ایشز سیریز کے آخری ٹیسٹ میں نوجوان بلے باز جیکب بیتھل کی دلکش سنچری نے مشکل حالات میں انگلینڈ کی امیدوں کو زندہ کردیا ہے، اگرچہ آسٹریلیا بدستور مضبوط پوزیشن میں ہے۔
چوتھے دن کے اختتام پر انگلینڈ 119 رنز کی برتری کے ساتھ صرف دو وکٹیں باقی رہنے کے باوجود دباؤ میں تھا۔
تاہم 22 سالہ جیکب بیتھل نے 229 گیندوں پر ناقابلِ شکست 142 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر میچ کو پانچویں دن تک لے جانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ یہ ان کی پہلی ریڈ بال سنچری بھی تھی۔