کراچی میں ای چالان اور جرمانے بھی موٹرسائیکل رائیڈر کو سبق نا سکھا سکے
کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا
کراچی کے علاقے جمال الدین افغانی روڈ پر موٹرسائیکل سوار کی سنگین غفلت کے باعث ایک شہری کی جان خطرے میں پڑ گئی۔
کراچی میں ای چالان اور جرمانے بھی موٹرسائیکل رائیڈر کو سبق نا سکھا سکے، غلط سمت میں آنے والی موٹرسائیکل شہری سے ٹکرا گئی، جو سڑک عبور کر رہا تھا، جس کے نتیجے میں شہری سڑک پر جا گرا۔
واقعے کے دوران سڑک پر گزرنے والی ایک گاڑی کے ڈرائیور نے بروقت بریک لگا کر شہری کو بڑے حادثے سے بچا لیا، تاہم سڑک کے درمیان گرنے والا شہری چند لمحوں میں شدید حادثے کا شکار ہو سکتا تھا جبکہ خوش قسمتی سے وہ محفوظ رہا۔
حادثے کے بعد موٹرسائیکل سوار نے معذرت کرنے کے بجائے شہری سے تلخ کلامی کی اور مؤقف اختیار کیا کہ سڑک پار کرنے سے پہلے دیکھ لینا چاہیے تھا، حیران کن طور پر واقعے کے بعد بھی موٹرسائیکل سوار دوبارہ اسی سڑک پر غلط سمت میں موٹرسائیکل چلاتا ہوا روانہ ہو گیا۔
واقعے نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ کراچی میں ای چالان اور جرمانوں کے باوجود بعض موٹرسائیکل سوار ٹریفک قوانین کی پاسداری کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے، جس سے شہریوں کی جانیں مسلسل ضائع ہورہی ہیں۔
