وینزویلا بحران عالمی ایجنڈا بن گیا، سلامتی کونسل میں ہنگامی اجلاس جاری
وینزویلا کو دہائیوں سے سیاسی عدم استحکام اور شدید اقتصادی بحران کا سامنا ہے، امریکا
وینزویلا کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس شروع ہو گیا ہے، جو وینزویلا کی درخواست پر بلایا گیا۔
اجلاس میں امریکی نمائندے نے غیرمعمولی اور چونکا دینے والے دعوے کرتے ہوئے کہا کہ 3 جنوری کو امریکا نے وینزویلا میں کامیاب فوجی کارروائی کی۔
امریکی نمائندہ برائے اقوام متحدہ کے مطابق امریکی فوجی دستے کراکس میں داخل ہوئے اور کارروائی کے دوران وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو گرفتار کر لیا گیا۔
امریکی نمائندے نے مزید کہا کہ صدر مادورو اور ان کی اہلیہ پر سنگین الزامات عائد ہیں جن میں بدعنوانی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں شامل ہیں۔
امریکی موقف کے مطابق وینزویلا کی صورتحال کئی برسوں سے پورے خطے کے لیے خطرہ بنی ہوئی تھی، جبکہ امریکا کی جانب سے شفاف اور آزاد انتخابات کا مطالبہ بارہا کیا گیا، جو پورا نہ ہو سکا۔ امریکی نمائندے نے کہا کہ وینزویلا کو دہائیوں سے سیاسی عدم استحکام اور شدید اقتصادی بحران کا سامنا ہے۔
اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ وینزویلا میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عروج پر تھیں، جس پر عالمی برادری کی خاموشی مزید مسائل کو جنم دے رہی تھی۔ سلامتی کونسل کے اجلاس میں رکن ممالک کی جانب سے امریکی دعوؤں اور خطے کی مجموعی صورتحال پر شدید غور و خوض جاری ہے۔