ایلون مسک وینزویلا کے ساتھ کھڑے ہو گئے، اسٹار لنک نے فری انٹرنیٹ فراہم کر دیا
اسٹارلنک نے کہا کہ کمپنی وینزویلا کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گی
وینزویلا میں سیاسی و عسکری بحران کے بیچ ایک غیر متوقع پیش رفت سامنے آگئی، جہاں دنیا کے امیر ترین کاروباری شخصیت ایلون مسک کی کمپنی اسٹارلنک نے وینزویلا میں مفت انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایلون مسک نے وینزویلا کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے محدود مدت کے لیے فری براڈ بینڈ سروس دینے کا فیصلہ کیا۔ اسٹارلنک کے مطابق یہ سہولت 3 فروری تک وینزویلا میں دستیاب رہے گی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں اسٹارلنک نے کہا کہ کمپنی وینزویلا کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گی، جو طویل عرصے سے آن لائن سنسرشپ اور ڈیجیٹل پابندیوں کا شکار رہا ہے۔
بیان میں یاد دلایا گیا کہ ماضی میں مادورو حکومت کے دور میں فیس بک، یوٹیوب، انسٹاگرام سمیت متعدد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بند کیے گئے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ فوجی کارروائیوں کے بعد وینزویلا کے دارالحکومت کاراکس کے بیشتر علاقوں میں انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر معطل ہو چکی ہے، جس سے شہری دنیا سے کٹ کر رہ گئے ہیں۔
دوسری جانب فلوریڈا میں پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نکولس مادورو کے خلاف کرمنل الزامات عائد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے نیویارک منتقل کر دیا گیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کی ہدایت پر امریکی فوج نے وینزویلا کے دارالحکومت میں ایک غیر معمولی آپریشن کیا، جس میں فضائی، زمینی اور سمندری طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔ ان کے بقول یہ امریکی عسکری قوت کا ایک تاریخی مظاہرہ تھا۔
ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ اقتدار کی منتقلی تک وینزویلا کا انتظام امریکا سنبھالے گا اور امریکی تیل کمپنیاں وینزویلا میں کام شروع کریں گی۔