وینزویلا کسی کی کالونی نہیں بنے گا، امریکی کارروائی پر نائب صدر کا دوٹوک اعلان
امریکی کارروائی کے بعد وینزویلا نے سخت ردعمل دے دیا
وینزویلا کی نائب صدر ڈیلسی روڈریگز نے امریکی کارروائی اور صدر نکولس مادورو کی گرفتاری کے بعد سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وینزویلا اپنے دفاع اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور کسی بھی صورت کسی ملک کی کالونی نہیں بنے گا۔
قوم سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر ڈیلسی روڈریگز نے مؤقف اختیار کیا کہ صدر نکولس مادورو کو اغوا کیا گیا ہے اور وہی وینزویلا کے آئینی صدر ہیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس نازک وقت میں صبر، اتحاد اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔
نائب صدر نے کہا کہ امریکی فوجی کارروائی کے بعد وینزویلا اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے دفاع کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک اپنے قدرتی وسائل پر کسی بھی بیرونی قبضے یا مداخلت کو کسی صورت قبول نہیں کرے گا۔
ڈیلسی روڈریگز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وینزویلا اپنی آزادی، آئین اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے متحد رہے گا اور ہر سطح پر مزاحمت کرے گا۔