تشدد کیس: رجب بٹ اور وکلا میں مذاکرات سے پہلے نیا تنازع کھڑا ہوگیا
رجب بٹ اور وکلا کے درمیان اختلافات بڑھ گئے
معروف ٹک ٹاکر رجب بٹ پر سٹی کورٹ کے باہر تشدد کے واقعے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر وکلا کے ساتھ مذاکرات سے قبل ہی ایک نیا تنازع سامنے آ گیا ہے، جس میں ٹک ٹاکر کے وکیل سمیت متعدد وکلا نے سندھ بار کونسل سے رجوع کر لیا ہے۔
رجب بٹ کے وکیل بیرسٹر میاں علی اشفاق نے سندھ بار کونسل میں ریاض سولنگی اور عبد الفتاح چانڈیو کے خلاف باضابطہ درخواست دائر کر دی ہے۔
اسی کے ساتھ سٹی کورٹ میں سائلین پر مبینہ حملوں کے خلاف 15 وکلا نے بھی الگ درخواست سندھ بار کونسل میں جمع کرادی ہے۔
درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سٹی کورٹ میں سائلین کے ساتھ مارپیٹ کے واقعات سے وکلا کی ساکھ متاثر ہورہی ہے اور سندھ بار کونسل کی خاموشی سے ادارے کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ عدالتی نظام اور بار کی عزت و وقار کی بحالی ناگزیر ہو چکی ہے۔
سندھ بار کونسل میں دائر درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ 29 دسمبر کو سٹی کورٹ میں پیش آنے والے واقعے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں تاکہ ذمہ داران کا تعین ہو سکے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔