پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا نیا ریکارڈ بنانے پر وزیر اعظم کا اظہار اطمینان
سرمایہ کاروں کا بڑھتا ہوا اعتماد ملکی معیشت کے استحکام اور درست سمت میں پیش رفت کی علامت ہے، شہباز شریف
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس کے تاریخی طور پر 1 لاکھ 79 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرنے پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ کا نئی بلندیوں کو چھونا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کو حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد حاصل ہے۔
ان کے مطابق سرمایہ کاروں کا بڑھتا ہوا اعتماد ملکی معیشت کے استحکام اور درست سمت میں پیش رفت کی علامت ہے۔
محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں ترقی کا سفر حکومت کی معاشی ٹیم کی انتھک محنت کے باعث تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی سمت کی بہتری، سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی استحکام کے لیے معاشی ٹیم کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت کاروبار دوست ماحول کی فراہمی، سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے، جس کے مثبت نتائج اسٹاک ایکسچینج کی حالیہ کارکردگی سے واضح ہو رہے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت ملکی معیشت کو مزید مستحکم بنانے، روزگار کے مواقع بڑھانے اور عوامی فلاح کے لیے اصلاحات کا عمل جاری رکھے گی، تاکہ ترقی کا یہ سفر مستقبل میں بھی برقرار رہے۔