آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

عثمان خواجہ اب تک 87 ٹیسٹ، 40 ون ڈے اور 9 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں

آسٹریلیا کے سینئر ٹیسٹ کرکٹر عثمان خواجہ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

کرکٹر عثمان خواجہ ایشیز سیریز کے سڈنی میں کھیلے جانے والے پنک ٹیسٹ کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔

سڈنی کرکٹ گراؤنڈ سے فرسٹ کلاس کرکٹ کا آغاز کرنے والے عثمان خواجہ اپنے کیریئر کا 88 واں اور آخری ٹیسٹ کھیل کر ریٹائر ہوں گے۔

 39 سالہ عثمان خواجہ نے 2011 میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور 15 سالہ شاندار کیریئر میں 6 ہزار سے زائد رنز اسکور کیے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق عثمان خواجہ نے میدان کے باہر بھی ایک نمایاں ورثہ چھوڑا ہے، جہاں انہوں نے عثمان خواجہ فاؤنڈیشن کے ذریعے سماجی خدمات انجام دیں۔ وہ آسٹریلیا کے پہلے پاکستان میں پیدا ہونے والے اور پہلے مسلمان ٹیسٹ کرکٹر ہیں۔

عثمان خواجہ کو 2023 میں آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر اور شین وارن ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل ہوا جبکہ وہ اسی سال آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا بھی حصہ رہے۔

ریٹائرمنٹ کے اعلان پر عثمان خواجہ کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے کیریئر پر مکمل اطمینان ہے اور وہ خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ انہیں آسٹریلیا کی نمائندگی کے اتنے مواقع ملے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹوڈ گرین برگ نے عثمان خواجہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی غیر معمولی کارکردگی سے آسٹریلوی کرکٹ میں نمایاں کردار ادا کیا۔ عثمان ایک اسٹائلش اور شاندار بیٹر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک مثالی شخصیت بھی ہیں۔

واضح رہے کہ عثمان خواجہ اب تک 87 ٹیسٹ، 40 ون ڈے اور 9 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں جبکہ ایشیز سیریز کا آخری ٹیسٹ 4 جنوری سے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں شروع ہوگا۔

Related posts

ٹی 20 ورلڈ کپ، سری لنکا کے ہاتھوں آئرلینڈ کو 20 رنز سے شکست

700 ڈرونز نے پی ایس ایل کی نئی ٹیم کنگز مین ہیوسٹن کا فضا میں لوگو بنا کر حیران کر دیا

آئی سی سی نے گھٹنے ٹیک دیے، محسن نقوی کو منانے کیلیے لاہور پہنچ گئے