پاکستان کی انڈر 15 اسکواش میں شاندار کامیابی، ایک اور عالمی اعزاز اپنے نام
فائنل مقابلے میں محمد سہیل عدنان نے چینی حریف کو 11-7، 11-9 اور 11-7 سے شکست دی
پاکستان کی انڈر 15 اسکواش ٹیم نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے عالمی سطح پر قومی پرچم بلند کر دیا۔
پاکستان کے ابھرتے ہوئے اسٹار محمد سہیل عدنان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکواش کے فائنل میں چین کے یوان شی کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
فائنل مقابلے میں محمد سہیل عدنان نے چینی حریف کو 11-7، 11-9 اور 11-7 سے شکست دی اور عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
یہ سہیل عدنان کی پہلی بڑی کامیابی نہیں ہے، وہ اس سے قبل جنوبی کوریا میں 32ویں ایشین انڈر 13 جونیئر اسکواش چیمپئن بھی رہ چکے ہیں۔
مزید پڑھیں: بھارت کو شکست:پاکستان نے ایشین جونیئر اسکواش چیمپیئن شپ میں 7 تمغے نام کرلیے
ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں بھی انہوں نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے بھارت کے مضبوط کھلاڑی ابھاد سنگھ کو شکست دی۔
کوارٹر فائنل میں محمد سہیل عدنان نے بھارتی کھلاڑی کو 11-3، 11-9، 11-4 سے یکطرفہ اور عبرتناک شکست دے کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
اسکواش ماہرین کے مطابق محمد سہیل عدنان کی یہ کامیابیاں نوجوان ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے خوشگوار ثمرات ہیں، جو پاکستان میں اسکواش کے روشن مستقبل کی امید بن چکے ہیں۔
پاکستانی شائقین کھیل اور کھیلوں سے وابستہ حلقوں نے اس شاندار کامیابی پر محمد سہیل عدنان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
