ہاکی کے کھلاڑی شدید مالی مشکلات کا شکار، وزیر اعظم سے فوری نوٹس لینے کی اپیل
کھلاڑی روزمرہ اخراجات پورے کرنے کے لیے قرض لینے پر مجبور ہو گئے ہیں
قومی کھیل ہاکی کے کھلاڑیوں کی مشکلات کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کے دعوؤں کے باوجود قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی تاحال ڈیلی الاؤنس سے محروم ہیں، جس کے باعث انہیں شدید مالی مسائل کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم نے ایف آئی ایچ پرو لیگ جیسے بڑے عالمی ایونٹس میں شرکت کی، تاہم اس کے باوجود کھلاڑیوں کو نہ تو پرو لیگ کے یومیہ الاؤنس ادا کیے گئے اور نہ ہی نومبر میں بنگلہ دیش کے دورے کے واجبات تاحال مل سکے ہیں۔
مالی مشکلات اس حد تک بڑھ چکی ہیں کہ کھلاڑی روزمرہ اخراجات پورے کرنے کے لیے قرض لینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلسل مالی دباؤ کا براہِ راست اثر ٹیم کی کارکردگی پر بھی پڑ رہا ہے، جس سے قومی کھیل کو مزید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
ہاکی کھلاڑیوں نے صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان سے فوری مداخلت اور واجبات کی ادائیگی یقینی بنانے کی اپیل کی ہے، تاکہ وہ ذہنی دباؤ سے نکل کر مکمل توجہ کے ساتھ میدان میں ملک کی نمائندگی کر سکیں۔
کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ اگر مسائل کا فوری حل نہ نکالا گیا تو قومی کھیل ہاکی مزید زوال کا شکار ہو سکتا ہے۔
