خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی دو بڑی کارروائیاں، 9 خوارج ہلاک
خوارج سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں پر دہشت گرد حملوں میں ملوث تھے
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے دو علیحدہ کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پہلی کارروائی ڈیرہ اسماعیل خان میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 4 خوارج کو جہنم واصل کیا۔
دوسری کارروائی ضلع بنوں میں عمل میں لائی گئی، جس میں 5 خوارج ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ہلاک ہونے والے خوارج سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں پر دہشت گرد حملوں میں ملوث تھے۔
فوجی ترجمان کے مطابق علاقوں میں ممکنہ باقی ماندہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ ملک بھر میں عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری شدت سے جاری رہیں گی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور قوم کے امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے۔
