پاک بحریہ کے جہاز “پی این ایس خیبر” کی کمشننگ تقریب؛ اشتراک کار پر زور
ترک صدر اردگان کی موجودگی میں پی این ایس خیبر کی باقاعدہ کمشننگ
استنبول: پاک بحریہ کے دوسرے بابر کلاس جہاز پی این ایس خیبر کی کمشننگ تقریب استنبول نیول شپ یارڈ میں منعقد ہوئی، جس میں ترک صدر رجب طیب اردگان مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آئی) کے مطابق تقریب میں چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف بھی شریک ہوئے۔
تقریب کے دوران ترک صدر رجب طیب اردگان نے خطاب کرتے ہوئے پاک ترک برادرانہ تعلقات کو قابلِ تقلید قرار دیا اور دفاعی پیداوار کے حوالے سے دونوں ممالک کے اشتراک کار کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔
نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے بابر کلاس جہازوں کی تیاری میں ASFAT اور استنبول نیول شپ یارڈ کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ پاک ترک بحری افواج کے دو طرفہ روابط دفاعی اشتراک کار کو مربوط اور مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، یہ تعاون دونوں ممالک کی گہری شراکت داری کا مظہر ہے۔
کمشننگ کے بعد ترک صدر رجب طیب اردگان نے پی این ایس خیبر کا دورہ کیا، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور جہاز کے عملے سے ملاقات بھی ہوئی۔
صدر اردگان اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی اور مستقبل مشترکہ منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
جدید ہتھیاروں اور سینسرز کے ساتھ بابر کلاس جہاز اور عصری تقاضوں کے مطابق کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے حامل ہیں۔
وزارت دفاعی پیداوار اور ASFAT نے 2018 میں چار جہازوں کی تیاری کا معاہدہ کیا تھا، جس کے تحت دو جہاز استنبول شپ یارڈ میں تیار کیے گئے اور باقی دو جہاز پاکستان میں تیار کیے جا رہے ہیں۔
