حج 2026: سعودی ڈیڈ لائن قریب، ایک اور بحران کا خدشہ
سعودی ڈیڈ لائن پوری کرنے کے لیے پاسپورٹ دفاتر کی ہفتہ وار تعطیل بھی معطل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
حج 2026 کے انتظامات ایک بار پھر بحران کی طرف بڑھتے دکھائی دے رہے ہیں کیونکہ سعودی عرب کی جانب سے مقررہ ڈیڈ لائن میں صرف ایک روز باقی رہ گیا ہے۔
اس صورتحال کے پیش نظر وزارتِ مذہبی امور نے ہنگامی اقدامات شروع کردیے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ کو باضابطہ خط لکھ کر درخواست کی گئی ہے کہ آج اور کل (ہفتہ اور اتوار) ملک بھر میں پاسپورٹ دفاتر کھلے رکھے جائیں۔
وزارت نے اس معاملے کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے اسے نمٹانے کی درخواست کی ہے۔ وزارتِ مذہبی امور میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے جب کہ متعلقہ اسٹاف کی تمام چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ حج کے دوران فرائض انجام دینے والے ویلفیئر اسٹاف کے پاسپورٹس بروقت تیار نہیں ہوسکے ہیں جس سے سعودی عرب میں ان کی تعیناتی خطرے میں پڑگئی ہے۔
مراسلے کے مطابق سعودی حکومت کی ہدایت ہے کہ حج ویلفیئر اسٹاف کے پاسپورٹس 21 دسمبر تک مسار ایپ پر اپ لوڈ کرنا لازم ہے۔
اس ڈیڈ لائن کو پورا کرنے کے لیے وزارت نے حج میڈیکل مشن کے 268 اراکین کے پاسپورٹس فوری طور پر جاری کرنے کی سفارش بھی کی ہے۔ واضح رہے کہ حج میڈیکل مشن کا عملہ سول شعبے اور مسلح افواج سے تعلق رکھتا ہے۔
سعودی ڈیڈ لائن پوری کرنے کے لیے پاسپورٹ دفاتر کی ہفتہ وار تعطیل بھی معطل کرنے کی درخواست کی گئی ہے تاکہ آخری وقت میں زیادہ سے زیادہ پاسپورٹس تیار کیے جاسکیں۔
یاد رہے کہ 2025 میں انتظامی مسائل کے باعث 63 ہزار سے زائد پاکستانی فریضۂ حج کی ادائیگی سے محروم رہ گئے تھے اور اگر موجودہ صورتحال پر فوری قابو نہ پایا گیا تو حج 2026 میں بھی اسی نوعیت کے بحران کا خدشہ ہے۔