9 مئی کے دو مزید مقدمات کا فیصلہ؛ پی ٹی آئی رہنماؤں کو دس دس سال قید کی سزا
عدالت نے مجموعی طور پر 29 ملزمان کا فیصلہ سنایا اور مفرور ملزمان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا۔
لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے واقعات سے متعلق مزید دو اہم مقدمات کا فیصلہ سنادیا ہے۔
عدالت نے گلبرگ میں گاڑیاں جلانے اور کلمہ چوک میں کنٹینر نذرِ آتش کرنے کے مقدمات پر فیصلہ جاری کیا جس میں پاکستان تحریکِ انصاف کی سینئر قیادت کو سخت سزائیں سنائی گئی ہیں۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید چدھڑ نے کیس کا تفصیلی فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کو گلبرگ کے علاقے میں سرکاری و نجی گاڑیوں کو جلانے کے الزامات ثابت ہوگئے ہیں۔
عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ کو دس، دس سال قید کی سزا سنادی۔
عدالت نے دورانِ سماعت کیس میں مفرور رہنے والے چار ملزمان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم بھی جاری کردیا۔ مفرور ملزمان میں میاں اسلم اقبال، شہزاد خرم، علی ملک اور شبنم جہانگیر شامل ہیں۔
عدالت نے واضح کیا کہ ان ملزمان کی گرفتاری کے بعد ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔
فیصلے میں یہ بھی بتایا گیا کہ شاہ محمود قریشی کا اس مقدمے میں تاحال چالان جمع نہیں کروایا گیا۔ سپلیمنٹری چالان جمع ہونے کے بعد ان کا ٹرائل دوسرے مرحلے میں شروع کیا جائے گا۔
عدالت نے مجموعی طور پر 29 ملزمان کے حوالے سے فیصلہ سنایا جب کہ ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت 33 ملزمان کے خلاف چالان عدالت میں جمع کرایا جاچکا ہے۔
مقدمے کے دوران پراسکیوشن کی جانب سے 41 گواہوں کے بیانات قلمبند کرائے گئے جن کی روشنی میں عدالت نے فیصلہ صادر کیا۔