علی ظفر کی نئی البم ’روشنی‘ ریلیز، موسیقی کے مختلف رنگ یکجا

علی ظفر کی نئی البم ’روشنی‘ ریلیز، موسیقی کے مختلف رنگ یکجا

روشنی محض ایک البم نہیں بلکہ خود احتسابی، جذباتی تضاد اور اندرونی سفر کی عکاسی ہے، علی ظفر

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار، اداکار اور موسیقار علی ظفر کی نئی اسٹوڈیو البم ’روشنی‘ باضابطہ طور پر دنیا بھر میں ریلیز کردی گئی ہے۔

یہ علی ظفر کی چوتھی اسٹوڈیو البم ہے جو 15 برس کے طویل وقفے کے بعد منظرِ عام پر آئی ہے اور ریلیز ہوتے ہی شائقینِ موسیقی کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔

علی ظفر کی البم ’روشنی‘ میں مجموعی طور پر 12 گانے شامل ہیں جب کہ البم کے اجرا کے ساتھ مکمل ٹریک لسٹ اور آرٹسٹ نوٹ بھی جاری کردیے گئے ہیں۔

گلوکار کے مطابق ’روشنی‘ محض ایک البم نہیں بلکہ خود احتسابی، جذباتی تضاد اور اندرونی سفر کی عکاسی ہے۔

یہ البم مختلف موسیقی کے اندازوں کا حسین امتزاج قرار دی جا رہی ہے جس میں افرو ردھمز، اماپیانو، اکوسٹک پاپ اور ڈیپ ہاؤس جیسے جدید اور کلاسک میوزک اسٹائلز شامل ہیں۔

علی ظفر نے اس البم میں بین الاقوامی اور ملکی فنکاروں کے ساتھ اشتراک بھی کیا ہے جن میں السٹیر الون، طلحہٰ انجم، ڈی جے شاہ رخ اور علی حیدر شامل ہیں۔

البم کے ساتھ ہی گانے ’رُکسانا‘ کی میوزک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جو امریکا کے شہر لاس اینجلس میں فلمائی گئی۔ اس کے علاوہ البم کا پہلا گانا ’ظالم نظروں سے‘ پہلے ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر خاصی مقبولیت حاصل کرچکا ہے۔

علی ظفر کی نئی البم ’روشنی‘ اس وقت تمام بڑے ڈیجیٹل میوزک پلیٹ فارمز پر دستیاب ہے، جہاں شائقین اسے سن کر بھرپور داد دے رہے ہیں۔

Related posts

پاکستان کے انکار سے بھارتی کرکٹ کی اجارہ داری بے نقاب، سابق انگلش بیٹر کا اعتراف

معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام قذافی مبینہ طور پر فائرنگ واقعے میں جاں بحق

افغان طالبان رجیم سے ہمسایہ ممالک کو شدید سیکیورٹی خطرات لاحق