پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے، وزیراعظم
کولڈ چین اور صنعت و تجارت سے منسلک دیگر شعبوں کے فروغ کے لیے صوبوں سے روابط مزید بہتر بنائے جائیں
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت لاہور میں ملکی برآمدات پر جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم کو مالی سال 2025-2026 کی اب تک کی برآمدات و درآمدات پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دوران اجلاس گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت برآمدات میں اضافے کے لئے، کاروباری افراد اور برآمد کنندگان کو ہر ممکن سہولیات پہنچانے کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے فروغ کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کرنا ہو گا تاکہ برآمدات کے شعبے میں وسعت کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع بھی بڑھیں۔
یہ بھی پڑھیں: بیرون ملک مقیم بارہ ملین سے زائد پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، وزیراعظم
اس موقع پر وزیراعظم نے وفاقی وزراء برائے تجارت، صنعت و پیداوار اور قومی غذائی تحفظ کو مختلف صنعتی و تجارتی شہروں میں برآمدکنندگان کے پاس خود جانے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ کولڈ چین اور صنعت و تجارت سے منسلک دیگر شعبوں کے فروغ کے لیے صوبوں سے روابط مزید بہتر بنائے جائیں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیر اعظم کے مشیر ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔