کراچی، گلشن اقبال کے فلیٹ سے 3 خواتین مردہ اور اور ایک مرد نیم بے ہوش حالت میں برآمد
لاشوں اور زخمی مرد کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ہے
کراچی: گلشن اقبال بلاک 1 عابد ٹاؤن کے ایک فلیٹ سے تین خواتین کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جبکہ ایک مرد نیم بے ہوشی کی حالت میں ملا، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق خواتین کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔
لاشوں اور زخمی مرد کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق گھر کے اندر سے ملنے والی لاشوں پر کسی قسم کے زخم یا تشدد کے نشانات موجود نہیں، جس کے باعث شبہ ہے کہ واقعہ زہریلی گیس کے اخراج کے باعث پیش آیا ہو، گھر میں پایا جانے والا مرد بھی شدید متاثر حالت میں تھا۔
ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق پولیس اور کرائم سین یونٹ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں اور فلیٹ کی تلاشی کے ساتھ شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور پوسٹ مارٹم کے بعد اموات کی اصل وجہ سامنے آئے گی۔
ابتدائی رپورٹ میں زہریلی گیس کو ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے تاہم حکام نے کہا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک کسی نتیجے پر نہیں پہنچا جا سکتا۔