اسلام آباد: 11ویں قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کا اہم اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا، جس کی صدارت وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کریں گے۔
وفاق نے چاروں صوبوں کو مشاورت کے لیے مدعو کیا ہے، جبکہ ایجنڈہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے خزانہ، پرائیویٹ ممبران اور دیگر حکام شرکت کریں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور مشیر خزانہ مزمل اسلم بھی اجلاس میں شریک ہوں گے، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی شرکت بھی متوقع ہے۔
وفاقی سیکریٹری خزانہ اجلاس میں مرکزی حکومت کی موجودہ مالی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دیں گے، جبکہ صوبوں کے ساتھ مالیاتی فارمولا، ریونیو شیئرنگ اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر بات چیت کی جائے گی۔
