بحرین کے کاروباری اداروں کے ساتھ ملکر نئی راہیں کھول سکتے ہیں، وزیراعظم
وزیراعظم نےکہا کہ بحرین میں آکر ایسا محسوس ہورہا ہے جیسے اپنے ہی گھر آیا ہوں۔
بحرین: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بحرین کے کاروباری اداروں کے ساتھ مل کر نئی راہیں کھول سکتے ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے منامہ میں منعقدہ کاروباری برادری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہترین استقبال پر بحرین کی حکومت اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، بحرین میں آکر ایسا محسوس ہورہا ہے جیسے اپنے ہی گھر آیا ہوں، بحرین کی جانب سے تاریخی استقبال کی یادیں ہمیشہ دلوں میں رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ بحرین اور پاکستان دوبرادر ممالک ہیں، ہمارے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں، پاکستان اور بحرین کے تعلقات ہمارے دیرینہ رشتے کے مضبوط ستون ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہماری اسٹریٹجک شراکت داری کئی برسوں سے قائم ہے، بحرین آنے کا مقصد اپنے تعلقات کو مزید مضبوط کرنا ہے، زراعت، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، فن ٹیک اور دیگر شعبوں میں تعاون ضروری ہے۔
انکا کہنا تھا کہ ہمارے مذاکرات انتہائی خوشگوار، بامقصد ماحول میں ہوئے، بھائیوں جیسا تعلق یہ احساس دلاتا ہے کہ ہم ایک دوسرے کیلئے اجنبی نہیں، پاکستان اور بحرین ایک ہی خاندان کا حصہ ہیں۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم کی بحرین کے ولی عہد سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
وزیراعظم نے کہا کہ اب وقت ہے کہ ہم ان مضبوط تعلقات کو معاشی تعاون میں تبدیل کریں، پاکستان کے پاس نوجوانوں کی بڑی طاقت ہے، نوجوانوں کو آئی ٹی، اے آئی، فنی تربیت اور جدید مہارتوں سے آراستہ کررہے ہیں، بحرین کے کاروباری اداروں کیساتھ ملکر نئی راہیں کھول سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بحرین میں مقیم ایک لاکھ سے زائد پاکستانی کمیونٹی ہمارے ملک کا فخر ہے، بحرین سے پاکستانیوں نے گزشتہ مالی سال میں 484 ملین ڈالر کی ترسیلات زر بھیجی، پاکستانی کمیونٹی سے درخواست ہے کہ وہ بحرین کیلئے بھی بہترین سفیر بنیں، پاکستان بحرین کی ترقی کے سفرسے سیکھنا چاہتا ہے اور بھرپور تعاون کا خواہاں ہے۔
