واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کی چینی ہم منصب شی جن پنگ سے نہایت اچھی اور جامع ٹیلیفونک گفتگو ہوئی ہے۔
سوشل میڈیا ویب سائٹ پر لکھے ایک پیغام میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ٹیلیفونک گفتگو میں دو طرفہ تعلقات اور اہم عالمی معاملات پر بات چیت ہوئی۔ یوکرین، روس، فین ٹینل، سویابین اور دیگر زرعی مصنوعات سمیت کئی معاملات زیرِ بحث آئے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے عظیم کسانوں کے لیے ایک نہایت اچھی ڈیل کی ہے جو مزید بہتر ہوتی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور چین کے تعلقات انتہائی مضبوط ہیں۔
مزید پڑھیں: امریکا میں خطرے کی گھنٹی بج گئی، دنیا کی پہلی تصدیق شدہ خطرناک وبا سے مریض ہلاک
ٹرمپ کے مطابق یہ کال جنوبی کوریا میں تین ہفتے قبل ہونے والی کامیاب ملاقات کا فالو اَپ تھی، اور دونوں ممالک اپنے معاہدوں کو درست اور مؤثر رکھنے کے لیے سنجیدہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب دونوں ممالک بڑے اہداف پر توجہ مرکوز کرسکتے ہیں۔
امریکی صدر نے بتایا کہ صدر شی جن پنگ نے انہیں اپریل میں بیجنگ آنے کی دعوت دی ہے جو انہوں نے قبول کرلی ہے، جبکہ انہوں نے شی جن پنگ کو سال کے آخر میں امریکا میں اسٹیٹ وزٹ کی دعوت دی ہے۔
صدر ٹرمپ نے اتفاق کیا کہ باقاعدہ رابطہ بہت ضروری ہے اور وہ آئندہ بھی ایسے روابط کے منتظر رہیں گے۔
