وزیر اعظم سے سعودی چیف آف جنرل اسٹاف کی ملاقات، دفاعی و اسٹریٹجک تعاون مزید مستحکم کرنے پر اتفاق

وزیر اعظم سے سعودی چیف آف جنرل اسٹاف کی ملاقات، دفاعی و اسٹریٹجک تعاون مزید مستحکم کرنے پر اتفاق

مشترکہ مشقوں، تربیت اور مہارت کے تبادلے کے ذریعے دفاعی تعاون کو مزید گہرا کرنے کا عزم

 وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سعودی عرب کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی نے آج وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔

وزیراعظم نے جنرل الرویلی کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات اقتصادی، دفاعی اور سیکیورٹی سمیت ہر شعبے میں تاریخی برادرانہ رشتوں، مشترکہ عقیدے، یکساں اقدار اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے لیے سعودی عرب کی مسلسل حمایت اور یکجہتی کو سراہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ دو ماہ میں اپنے کامیاب دورۂ ریاض کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان دوروں کے دوران دونوں ممالک کے مابین تاریخی اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے  پر دستخط ہوئے جو دفاعی تعلقات کو ایک نئے دور میں لے گیا ہے۔

وزیراعظم نے مشترکہ مشقوں، تربیت اور مہارت کے تبادلے کے ذریعے دفاعی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف متحد ہیں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔

جنرل الرویلی نے سعودی قیادت کی جانب سے وزیراعظم اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنی موجودہ دفاعی و تزویراتی شراکت داری کو مزید نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتا ہے۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی سمیت دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

Related posts

مادھوری کے گانے پر امر خان کو بولڈ لباس میں رقص کرنا مہنگا پڑ گیا

محمد بن راشد کا جائزہ دبئی کے نیلے اور گرین اسپیس روڈ میپ 2030 – متحدہ عرب امارات

رخصتی کے موقع پر لائبہ خان کا مزاحیہ انداز؛ دلچسپ گفتگو نے محفل لوٹ لی