ملک بھر میں قومی اسمبلی کے 6 اور پنجاب اسمبلی کے 7 حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بلا وقفہ شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
سیکیورٹی اداروں کی جانب سے پولنگ کے دوران سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر 2792 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے جن میں 408 انتہائی حساس اور 1032 حساس قرار دیے گئے ہیں۔
انتخابی علاقوں میں 2000 سے زائد اہلکار تعینات ہیں جبکہ عوام کو بلاخوف و خطر ووٹ ڈالنے کی اپیل کی گئی ہے۔
قومی اسمبلی
ہری پور کے این اے 18 میں 9 امیدوار مدمقابل ہیں جن میں پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہرناز، مسلم لیگ ن کے بابر نواز خان، پیپلز پارٹی کی ارم فاطمہ شامل ہیں، تاہم یہ نشست پی ٹی آئی کے عمر ایوب کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی۔
این اے 96 میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور آزاد امیدواروں سمیت 16 امیدوار حصہ لے رہے ہیں، حلقے میں مرد ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 72 ہزار 133 جبکہ خواتین ووٹرز 2 لاکھ 72 ہزار 991 ہے۔
این اے 104 میں ن لیگ کے راجہ دانیال اور آزاد امیدوار رانا عدنان جاوید سمیت 5 امیدوار میدان میں ہیں۔
قومی اسمبلی کے حلقے میں کل 5 لاکھ 57 ہزار 637 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
لاہور کے این اے 129 حلقے میں مسلم لیگ ن کے حافظ محمد نعمان، آزاد امیدوار بجاش خان نیازی اور ارسلان احمد کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔
اس اہم حلقے میں مجموعی طور پر 334 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گے ہیں جبکہ 70 پولنگ اسٹیشنز مرد و خواتین کے مشترکہ ہوں گے، تاہم اس نشست پر ضمنی انتخاب میاں اظہر کے انتقال کے باعث ہو رہا ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق این اے 129 لاہور کا سیاسی طور پر فیصلہ کن حلقہ ہے جس کے نتائج شہر کی مجموعی سیاسی سمت پر اثرانداز ہوں گے۔
ساہیوال کے تیسرے بڑے حلقے این اے 143 میں ن لیگ اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے جبکہ کل رجسٹر ووٹرز کی تعداد 584,698 ہے۔
این اے 185 میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی (ف) کے امیدوار میدان میں ہیں۔ تینوں جماعتوں میں سخت مقابلہ متوقع ہے۔
وزیرآباد کے این اے 66 کے حلقے میں پیپلز پارٹی اور دیگر امیدواروں کی دستبرداری کے بعد مسلم لیگ ن کے بلال فاروق تارڑ بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔
پنجاب اسمبلی
حلقہ پی پی 87 میانوالی 3 میں 193 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، مجموعی طور حلقہ بھر میں 640 پولنگ بوتھ قائم ہیں جن میں 332 مردانہ اور 308 خواتین کے پولنگ بوتھ ہیں جبکہ کل رجسڑڈ ووٹر کی تعداد 283272 ہے۔
سیکیورٹی ہائی الرٹ
پنجاب کے قومی و صوبائی حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے پولیس نے سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے، تاہم سکیورٹی پر 20 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے مطابق ووٹرز کو پرامن ماحول فراہم کیا جائے گا، ضابطہ اخلاق اور دفعہ 144 کی سختی سے پابندی کروائی جائے گی جبکہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی مانیٹرنگ جاری ہے۔
