پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے سابق چیئرمین نجم سیٹھی کے حالیہ بیان کو غلط، بے وقت اور حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے اس پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
نقوی نے واضح کیا کہ راشد لطیف کے معاملے میں کی گئی کارروائی کی تنقید روکنے سے کوئی تعلق نہیں تھا، بلکہ اس کا مقصد صرف جھوٹی اور ہتک آمیز الزامات کا نوٹس لینا تھا۔
ایک بیان میں چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بورڈ کی تمام کارروائیاں قانون کے دائرے میں رہ کر انجام دی جاتی ہیں اور ان کا واحد مقصد پاکستان کرکٹ اور اس کے کھلاڑیوں کی ساکھ کا تحفظ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ناقدین کو خاموش کرانے کے لیے کسی اور طریقے کا استعمال نہیں کرتے۔ ہمارا مقصد صرف پاکستان کرکٹ اور اس کے اثاثوں کا تحفظ ہے۔
یہ ردعمل اس وقت سامنے آیا جب نجم سیٹھی نے سوشل میڈیا پر پی سی بی کی راشد لطیف کے خلاف کارروائی پر تنقید کی تھی، جسے نقوی نے حقائق سے ہٹ کر قرار دیا۔
دوسری جانب، سابق کرکٹر راشد لطیف نے آج اپنے بیان میں معذرت کرتے ہوئے پی سی بی کے مؤقف کی مکمل تائید کی ہے۔
راشد لطیف نے پی سی بی کی کارروائیوں کو درست تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ان کے الزامات غلط فہمی پر مبنی تھے۔
محسن نقوی نے راشد لطیف کی معذرت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کرکٹ کے لیے مثبت قدم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی راشد لطیف کو نیا آغاز کرنے کی پیشکش کرتا ہے اور امید کرتا ہے کہ آئندہ تمام فریقین مل کر کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کریں گے۔