علی ظفر نے پاکستانی پاپ میوزک کی چمک دوبارہ جگادی، علی حیدر کی بھی شاندار واپسی
لاس اینجلس میں فلمایا گیا یہ ویڈیو رنگین ریٹرو ویژولز، اسٹائلائزڈ پرفارمنسز اور سینیمیٹک خوبصورتی سے بھرپور ہے۔
عالمی شہرت یافتہ گلوکار علی ظفر نے اپنا نیا سنگل اور میوزک ویڈیو ’’ظالم نظروں سے‘‘ ریلیز کردیا جو نہ صرف ان کی موسیقی میں ایک نئے باب کا آغاز ہے بلکہ پاکستان کے لیجنڈ پاپ اسٹار علی حیدر کی شان دار واپسی کا بھی اعلان ہے۔
عالمی شہرت یافتہ گلوکار علی ظفر نے اپنا نیا سنگل اور میوزک ویڈیو ظالم نظروں سے ریلیز کردیا جو کہ مایہ ناز پاپ اسٹار علی حیدر کی شاندار واپسی کا اعلان بھی ہے۔
شانی حیدر کی پروڈیوس کردہ یہ گیت جاوید اختر کی لازوال کمپوزیشن اور روشن ناگنوی کے بولوں کو جدید توانائی اور فنکی انداز کے ساتھ جوڑتا ہے جو ماضی اور حال دونوں کی بہترین جھلک پیش کرتا ہے۔
لاس اینجلس میں فلمایا گیا یہ ویڈیو رنگین ریٹرو ویژولز، اسٹائلائزڈ پرفارمنسز اور سینیمیٹک خوبصورتی سے بھرپور ہے جو پاکستانی پاپ کے سنہری دور کی یاد دلاتا ہے مگر ایک نئے بین الاقوامی انداز کے ساتھ یہ پروجیکٹ نہ صرف علی حیدر کی دیرینہ واپسی کا نشان ہے بلکہ علی ظفر کے اُس وژن کو بھی ظاہر کرتا ہے جس کے تحت وہ پاکستان کی موسیقی کے ورثے کو آج کی نسل سے دوبارہ جوڑ رہے ہیں۔
علی ظفر اپنی اس سیریز کے ذریعے لیجنڈری فنکاروں کو جدید ساؤنڈ اور عالمی معیار کی پروڈکشن کے ساتھ دوبارہ مین اسٹریم میں لارہے ہیں۔ جدت اور ہمہ جہتی کی وجہ سے مشہور علی ظفر اس بار بھی نوسٹالجیا اور نئے دور کی تخلیقی سوچ کو ایک ایسے انداز میں ملا رہے ہیں جو کم ہی فنکار کرپاتے ہیں۔
اس شاندار اشتراک کے بارے میں بات کرتے ہوئے علی ظفر کا کہنا ہے کہ علی حیدر ایک ایسا آئیکون ہیں جنہوں نے ہماری نوجوانی کی ساؤنڈ ٹریک تشکیل دی۔ ظالم نظروں سے کے ذریعے انہیں ایک نئے، فنکی رنگ میں واپس لانا خوشی اور اعزاز کی بات تھی۔ یہ گیت ہماری یادوں کا جشن بھی ہے اور نئے سفر کی طرف قدم بھی۔
علی حیدر نے بھی اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کلاسک کو علی ظفر کے ساتھ دوبارہ تخلیق کرنا واقعی خاص تجربہ تھا۔ یہ آئیڈیا انہی کا تھا اور پہلی بار سن کر ہی معلوم ہوگیا تھا کہ ہم کچھ بہت خوبصورت بناسکتے ہیں۔ پورا عمل بہت متاثر کن تھا اور مجھے یہ ظالم کولیبیریشن بے حد پسند آیا۔
اپنی دلکش بیٹ، خوبصورت دھن اور اسٹائلش ویژولز کے ساتھ ظالم نظروں سے اس سال کی سب سے زیادہ متوقع ریلیز میں سے ایک بننے جا رہا ہے۔ اس سنگل اور ویڈیو کو تمام بڑے اسٹریمنگ پلیٹ فارمز اور علی ظفر کے آفیشل یوٹیوب چینل پر ریلیز کردیا گیا ہے۔