پاکستان سمیت 15 ممالک، عرب لیگ اور او آئی سی کی اسرائیلی قبضے و الحاق کے فیصلے کی مذمت

اسلام آباد : پاکستان سمیت 15 ممالک، عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے اسرائیلی قبضے و الحاق کے فیصلے کی شدید مذمت کی ہے۔

پاکستان سمیت 15 ممالک، عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے اسرائیلی کنیسٹ کے دو متنازع قوانین کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں عالمی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق مشترکہ بیان جاری کرنے والے ممالک میں گیمبیا، فلسطین، قطر، کویت، لیبیا، ملائیشیا، مصر اور نائیجیریا سمیت متعدد اسلامی ممالک شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق ان قوانین کا مقصد مقبوضہ مغربی کنارے پر نام نہاد اسرائیلی خودمختاری نافذ کرنا ہے، جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2334 کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

بیان میں عالمی عدالتِ انصاف (ICJ) کی مشاورتی رائے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ عدالت نے اسرائیلی اقدامات کو غیر مؤثر قرار دیا ہے اور اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنائے اور بھوک کو ہتھیار کے طور پر استعمال نہ کرے۔

مزید کہا گیا ہے کہ عدالت نے جبری نقل مکانی کی ممانعت اور فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کے احترام کی توثیق کی۔

ترجمان نے کہا کہ اسرائیلی کنیسٹ کے فیصلوں میں یو این آر ڈبلیو اے کے آپریشنز ختم کرنے کا قانون بھی شامل ہے، جو بین الاقوامی انسانی اصولوں کے منافی ہے۔

دفترخارجہ کے ترجمان کے مطابق عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اسرائیل کو خطرناک کشیدگی اور غیر قانونی اقدامات سے باز رکھے اور 1967 کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرے۔

Related posts

پاکستان کے انکار سے بھارتی کرکٹ کی اجارہ داری بے نقاب، سابق انگلش بیٹر کا اعتراف

معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام قذافی مبینہ طور پر فائرنگ واقعے میں جاں بحق

افغان طالبان رجیم سے ہمسایہ ممالک کو شدید سیکیورٹی خطرات لاحق