راولپنڈی: دوسری اننگز میں جنوبی افریقہ کے اسپنر سائمن روز ہارمر کے سامنے پاکستان کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر بے بس دکھائی دے رہی ہے۔
پنڈی اسٹیڈیم میں آج کھیل کے چوتھے دن کا آغاز ہوچکا ہے اور مشکلات میں گھری پاکستان ٹیم 7 وکٹ کے نقصان اور 105 بنا پائی ہے جبکہ آج کھیل کے آغاز میں پاکستان کے بابر اعظم 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کے سلمان آغا 8 رن بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ ٹیم کو 34 رنز کی برتری حاصل ہے۔
گزشتہ روز پاکستان ٹیم نے 71 رنز کے خسارے سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو 4 مستند بیٹسمین امام الحق، کپتان شان مسعود، عبداللہ شفیق اور سعود شکیل بالترتیب 9، 0، 6 اور 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے اور یوں قومی ٹیم مشکلات میں گھر گئی۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان راولپنڈی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز کا اختتام 404 رنز بنا کر کیا، پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 333 رنز اسکور کئے تھے، اس طرح پہلی اننگز میں جنوبی افریقہ نے پاکستان پر 71 رنز کی برتری قائم کی۔
راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقا نے ٹیل اینڈرز کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان پر پہلی اننگز میں 71 رنز کی برتری حاصل کی جبکہ دوسری اننگز میں پاکستانی ٹاپ آرڈر مکمل طور پر ناکام ہو گیا اور ابتدا میں ہی صرف 16 رنز پر 3 وکٹیں گر گئیں۔
جنوبی افریقا کی ٹیم کے ٹیل اینڈرز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، مہمان ٹیم نے آخری 3 وکٹوں پر 194 رنز کا اضافہ کیا اور پاکستان پر 71 رنز کی برتری حاصل کی۔
راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 185 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے کیا لیکن آصف آفریدی نے بغیر کسی رن کے اضافے کے ڈیولڈ بریوس کو پویلین بھیج دیا۔
اس کے بعد آصف آفریدی نے کائل ویرینے اور سیٹ بیٹر ٹریسٹان اسٹبس کو بھی آؤٹ کر کے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 5 شکار مکمل کیے۔ مارکو جینسن کو نعمان علی نے ایل بی ڈبلیو کیا۔
8 کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد سینورن متھوسوامے اور کیشو مہاراج نے شاندار بیٹنگ کی اور 71 رنز کی شراکت قائم کی جبکہ متھو سوامے نے ربادا کے ساتھ ملکر بھی قیمتی 98 رنز کا اضافہ کیا اور ٹیم کا اسکور 404 رنز تک پہنچایا۔
کگیسو ربادا 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 71 رنز بنا کر آصف آفریدی کا چھٹا شکار بنے جبکہ متھوسوامے 89 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے آصف آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دو وکٹیں نعمان علی کے حصے میں آئی اور ایک ایک کھلاڑی کو شاہین آفریدی اور ساجد خان نے آؤٹ کیا۔
خیال رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 333 رنز اسکور کیے تھے جس میں کپتان شان مسعود نے 87 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی جبکہ سعود شکیل نے 66 اور عبداللہ شفیق نے 57 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ جنوبی افریقا کی جانب سے کیشوو مہاراج نے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
