علیمہ خان کی مسلسل غیرحاضری پر عدالت برہم؛ چوتھی بار وارنٹ گرفتاری جاری

انسدادِ دہشت گردی کی عدالت راولپنڈی میں 26 نومبر کیس کی سماعت کے دوران علیمہ خان ایک بار پھر پیش نہ ہوئیں، جس پر عدالت نے چوتھی مرتبہ ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی کی بہن علیمہ خان کے خلاف 26 نومبر کیس کی سماعت کی، تاہم کیس کے 10 دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ علیمہ خان ایک بار پھر غیر حاضر رہیں۔

عدالت نے علیمہ خان کے ضامن کا 1 لاکھ روپے کا مچلکہ بحقِ سرکار ضبط کرتے ہوئے ضامن کو جمعے کے روز عدالت میں طلب کرلیا اور ہدایت دی کہ وہ ایک لاکھ روپے جمع کرائیں۔

عدالت نے حکم دیتے ہوئے کہا کہ علیمہ خان دس، دس لاکھ روپے کے دو مچلکے اور نئے ضامن پیش کریں۔

عدالت نے ایس پی راول محمد سعد اور ڈی ایس پی وارث خان رانا نعیم کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا کہ انہوں نے عدالت میں غلط رپورٹ جمع کرائی جس میں کہا گیا تھا کہ علیمہ خان روپوش ہیں۔

جج امجد علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ علیمہ خان گزشتہ روز اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتی دیکھی گئیں، پھر کہاں روپوش ہیں؟ پولیس افسران عدالت کو گمراہ کر رہے ہیں۔

عدالت نے دونوں افسران کو 24 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا۔

دوران سماعت عدالت نے 26 نومبر حملہ کیس میں 4 گاڑیوں کے 85 لاکھ روپے کے مچلکے بھی بحقِ سرکار ضبط کرنے کا حکم دیا اور گاڑیوں کے مالکان کو بھی 24 اکتوبر کو طلب کرلیا۔

مزید برآں عدالت نے آئی جی بلوچستان اور آئی جی خیبرپختونخوا کو ہدایت دی کہ وہ متعلقہ گاڑیاں برآمد کرکے عدالت کے حوالے کریں۔

Related posts

پاکستان کے انکار سے بھارتی کرکٹ کی اجارہ داری بے نقاب، سابق انگلش بیٹر کا اعتراف

معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام قذافی مبینہ طور پر فائرنگ واقعے میں جاں بحق

افغان طالبان رجیم سے ہمسایہ ممالک کو شدید سیکیورٹی خطرات لاحق