نارتھ ایسٹ پمپنگ اسٹیشن پر K-II لائن کی مرمت کا کام شروع

کراچی: واٹر کارپوریشن نے نارتھ ایسٹ پمپنگ اسٹیشن پر K-II لائن کی مرمت کا کام شروع کردیا۔

ترجمان واٹر کارپوریشن نے اپنے جاری کردہ ایک اعلامیہ میں بتایا کہ کے نارتھ ایسٹ پمپنگ اسٹیشن پر K-II کی 48 انچ قطر والی رائزنگ مین لائن میں پانی کے رساؤ کا معاملہ سامنے آیا ہے جس کے باعث واٹر کارپوریشن نے ہنگامی بنیادوں پر مرمتی کام کا آغاز کردیا ہے۔

ترجمان کے مطابق K-II پمپنگ اسٹیشن کی 48 انچ قطر والی مرکزی پانی کی لائن کی مرمت کے دوران متعلقہ وال کو بھی تبدیل کیا جائے گا۔ مرمتی کام 24 گھنٹے کی مسلسل شفٹوں میں جاری رہے گا تاکہ شہریوں کو کم سے کم تکلیف ہو اور لائن جلد از جلد بحال کی جاسکے۔

ترجمان نے بتایا کہ مرمتی کام کو 48 گھنٹوں کے اندر مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ مرمتی سرگرمیوں کے باعث نارتھ ایسٹ پمپنگ اسٹیشن کے 11 میں سے 3 پمپس کو عارضی طور پر بند کیا گیا ہے جب کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بھی ایک پمپ مرمتی ضرورت کے باعث عارضی طور پر بند رکھا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مرمتی کام کے دوران صفورہ ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد، گلبرگ ٹاؤن, لیاقت آباد ٹاؤن اور گلشن اقبال کے کچھ علاقوں میں پانی کی فراہمی معطل رہے گی، اس لیے شہریوں سے درخواست ہے کہ پانی ذخیرہ کریں اور اسے انتہائی احتیاط سے استعمال کریں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ کراچی شہر کو یومیہ مجموعی طور پر 650 ایم جی ڈی پانی فراہم کیا جاتا ہے تاہم مرمتی سرگرمیوں کے دوران تقریباً 150 ایم جی ڈی پانی کی کمی واقع ہوگی، اس کے باوجود شہر کو 500 ایم جی ڈی پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری رہے گی تاکہ شہریوں کو زیادہ پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Related posts

متحدہ عرب امارات اور ایکواڈور کے صدور دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کرتے ہیں

متحدہ عرب امارات کے صدر نے عراق کے کردستان خطے کے وزیر اعظم سے ملاقات کی

مذاکرات کے لیے تیار مگر میزائل پروگرام ہماری ریڈ لائن ہے، ایران