راولپنڈی: ترجمان افواج پاکستان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے نیوز کانفرنس میں انکشاف کیا ہے کہ سال 2025 میں اب تک خیبرپختونخوا میں 10 ہزار 115 آپریشنز کیے جا چکے ہیں جب کہ روزانہ کی بنیاد پر 40 انٹیلی جنس آپریشن جاری ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ رواں سال مارے جانے والے دہشت گردوں کی تعداد گزشتہ 10 برسوں میں سب سے زیادہ ہے جو انسدادِ دہشت گردی کے مربوط اقدامات کا ثبوت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اے پی ایس پشاور کے سانحے کے بعد دہشت گردی کے خلاف جامع اور مربوط حکمتِ عملی اپنائی گئی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان گزشتہ دو دہائیوں سے دہشت گردی کے ناسور کا مقابلہ کر رہا ہے اور قوم نے اس جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے ہمیشہ دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا جب کہ دھرتی کے سپوتوں نے اپنے خون سے قربانی اور بہادری کی لازوال داستانیں رقم کیں۔
انہوں نے کہا کہ بعض عناصر نے گمراہ بیانیے کے ذریعے انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کو کمزور کرنے کی کوشش کی لیکن افواجِ پاکستان اور عوام نے مل کر ان عزائم کو ناکام بنایا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاک فوج دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔ ہم دہشت گردی کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور ملک کو پرامن و محفوظ بنانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔