غزہ : امریکی میڈیا کے مطابق غزہ جنگ بندی مذاکرات فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں اور فریقین معاہدے کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں میں جنگ بندی معاہدہ طے پانے کا قوی امکان ہے۔
امریکی ٹی وی چینلز نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ معاہدہ یرغمالیوں اور قیدیوں کی رہائی کے بدلے میں طے پائے گا۔ اس حوالے سے امریکی، اسرائیلی اور قطری حکام محتاط انداز میں پیش رفت کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی فریق کے خدشات کو کم کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق متوقع معاہدہ کا محور اسرائیلی فوج کے بتدریج انخلا اور غزہ میں جاری جنگ کے خاتمے پر ہوگا، جبکہ حماس کو غیر مسلح کرنے کے طریقہ کار اور آئندہ کے سیاسی و سیکیورٹی معاملات بعد میں طے کیے جائیں گے۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ سفارتی کوششیں اس وقت انتہائی نازک مرحلے میں ہیں، اور اگر موجودہ رفتار برقرار رہی تو خطے میں کئی ماہ سے جاری خونریز تنازعہ جلد ختم ہو سکتا ہے۔