عوامی جمہوریہ چین کے 76ویں قومی دن؛ صدر مملکت اور وزراعظم کی مبارکباد

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے عوامی جمہوریہ چین کے 76 ویں قومی دن کے موقع پر مبارکباد پیش کی ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری

چین کا ترقی، اتحاد اور اختراع کا شاندار سفر قابلِ فخر ہے

 صدر آصف علی زرداری نے چین کے 76 ویں قومی دن پر مبارکباد  کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی آزمودہ دوستی مزید مضبوط ہو رہی ہے، پاکستان کے عوام چین کی خوشیوں میں شریک ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کی بصیرت افروز قیادت چین کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے گئی ہے، مشترکہ خوشحالی اور عالمی تعاون کے وژن کو پاکستان کی حمایت حاصل ہے۔

آصف علی زرداری کا یہ بھی کہنا تھا کہ چین کا ترقی، اتحاد اور اختراع کا شاندار سفر قابلِ فخر ہے، میرے حالیہ دوروں سے، تجارت اور بنیادی ڈھانچے کے روابط کے فروغ کے ساتھ ساتھ اسٹریٹجک اور سیکیورٹی تعاون کے عزم کو مزید تقویت ملی۔

صدر مملکت نے کہا کہ سائنس، تعلیم، ٹیکنالوجی اور ثقافت میں تعاون کے ذریعے  مضبوط عوامی تعلقات ہماری دیرپا شراکت داری کی بنیاد ہیں۔

صدر زرداری نے چین کے عوام کی خوشحالی اور صدر شی جن پنگ کی کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہارکرتے ہوئے کہا پاک چین دوستی زندہ باد۔

یہ بھی پڑھیں: پاک چین دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے، وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف

پاکستان اور چین کی دوستی ایک لازوال اور ناقابلِ شکست رشتہ ہے

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے عوامی جمہوریہ چین کے 76 ویں قومی دن کے موقع پر چین کی قیادت اور برادر عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس مبارک دن پر میں چینی عوام کی ترقی، خوشحالی اور کامیابی کے لیے دعاگو ہوں، یہ دن نہ صرف چین کے شاندار قومی سفر کی یاد دہانی ہے بلکہ ایک عظیم قوم کی ترقی، استحکام اور عالمی سطح پر امن کے قیام میں چین کے کردار کا بھی اعتراف ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صدر شی جن پنگ کی بصیرت افروز اور مثالی قیادت میں چین نے ترقی و خوشحالی کے ایسے سنگِ میل عبور کیے ہیں جو دنیا کے لیے ایک روشن مثال ہیں، پاکستان اور چین کی دوستی ایک لازوال اور ناقابلِ شکست رشتہ ہے، جو وقت گزرنے کے ساتھ مزید مضبوط ہوا ہے۔

وزیراعظم  نے کہا کہ یہ رشتہ باہمی اعتماد، قربانی اور اخلاص پر مبنی ہے اور ہماری آنے والی نسلوں کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے، میرا حالیہ دورہ چین انتہائی مفید اور نتیجہ خیز رہا۔  وزیراعظم

شہباز شریف نے چین کے  76 ویں قومی دن کے موقع پر یہ بھی کہنا تھا کہ دورہ چین پاکستان اور چین کے دو طرفہ تعلق کے ضمن میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس اور بی ٹو بی کانفرنس میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں جیسے تاریخی سنگ میل عبور کیے، نتہائی اہم مشترکہ معاشی منصوبہ ہے جو کہ اب اپنے دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات پر فخر کرتا ہے اور ہم پرامید ہیں کہ دونوں ممالک اپنی دوستی اور شراکت داری کو نئے سنگِ میل تک لے کر جائیں گے۔

Related posts

سری لنکن صدر کی درخواست پر پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کا فیصلہ کر لیا

پی ایس ایل کو دنیا کا بڑا برانڈ بنائیں گے، محسن نقوی

آئی سی سی نے پی سی بی اور بی سی بی کے ساتھ مذاکرات کی تفصیلات جاری کردیں