غزہ: دہشت گرد اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر مظالم اور نسل کشی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق غزہ سٹی پر اسرائیلی فوج کے تازہ ترین زمینی حملے اور بمباری میں 106 فلسطینی شہید ہوگئے، جبکہ مزید 3 فلسطینی بھوک اور غذائی قلت کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔
مزید پڑھیں: اسرائیل کا غزہ پر ’’طاقتور طوفان‘‘جیسے حملوں کا عندیہ، ہتھیار نہ ڈالنے کی صورت میں تباہی کی دھمکی
مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں اپنی زمینی کارروائی کو وسعت دے دی ہے اور بھاری بمباری مسلسل جاری ہے، جس سے شہری علاقوں کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔
خبر ایجنسی کے اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2023 میں شروع ہونے والی جنگ سے اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 64 ہزار 964 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد 1 لاکھ 65 ہزار 312 ہو گئی ہے۔
انسانی حقوق کے اداروں کا کہنا ہے کہ مسلسل بمباری اور محاصرے کے باعث غزہ میں انسانی بحران خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے، شہری خوراک، پانی اور ادویات کی شدید قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔