صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے شنگھائی میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (CPC) کی سیکرٹری چن جینِنگ سے اہم ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں شراکت داری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی صدر مملکت کے ہمراہ تھے۔
سی پی سی سیکرٹری نے پاکستان کو چین کا “آئرن برادر” اور “ہر موسم کا ساتھی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد اور محبت کی بنیاد پر قائم ہیں۔
انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ فروری میں صدر زرداری کی صدر شی جن پنگ سے ملاقات انتہائی نتیجہ خیز رہی، جس کے بعد وزیرِ اعظم پاکستان نے حالیہ دنوں میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے اجلاس اور فسطائیت پر فتح کی 80 ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے لیے چین کا دورہ کیا۔
چن جینِنگ نے کہا کہ چین اور پاکستان آئندہ سال اپنی سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ جوش و خروش سے منانے کے لیے پرعزم ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے ملاقات کے دوران کہا کہ پاک چین دوستی دشمنوں اور مخالف عناصر کی سازشوں سے متاثر نہیں ہو سکتی۔
یہ رشتہ نسل در نسل مضبوط ہوتا چلا آ رہا ہے اور آنے والے وقت میں مزید مستحکم ہو گا۔ انہوں نے چین کی معاشی ترقی، خاص طور پر شنگھائی کو عالمی مالیاتی مرکز میں تبدیل کرنے کے عمل کو سراہا۔
ملاقات میں چن جینِنگ نے شنگھائی کی ترقیاتی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ شہر میں صحت اور تعلیم پر بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے، جس کے باعث یہاں اوسط عمر دیگر علاقوں سے زیادہ ہے۔
انہوں نے یہ دلچسپ پہلو بھی اجاگر کیا کہ شنگھائی میں 9,000 سے زائد کافی شاپس موجود ہیں، جو دنیا کے کسی بھی شہر سے زیادہ ہیں۔
صدر زرداری نے چینی قیادت کو گوادر فری زون اور خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان چینی سرمایہ کاروں کو مکمل سہولیات فراہم کرے گا۔ ملاقات میں ٹیکنالوجی، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت (AI) اور جدت جیسے مستقبل کے اہم شعبوں پر بھی گفتگو کی گئی۔
اس اہم ملاقات میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سندھ کے وزراء شرجیل انعام میمن اور ناصر حسین شاہ، پاکستان کے چین میں سفیر خلیل ہاشمی اور چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زائی ڈونگ سمیت دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام اور شنگھائی الیکٹرک کے صدر شریک تھے۔
ملاقات کے بعد سیکرٹری چن جینِنگ نے صدر پاکستان اور ان کے وفد کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ بھی دیا، جہاں دونوں ممالک کے درمیان دوستی، بھائی چارے اور شراکت داری کے جذبے کا بھرپور اظہار کیا گیا۔