لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنے مؤقف پر قائم ہے اور اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹائے جانے تک میچ کھیلنے کے لیے تیار نہیں۔
ذرائع کے مطابق، پی سی بی نے عندیہ دیا ہے کہ پاکستان ایشیا کپ میں حصہ لے گا یا نہیں، اس بارے میں فیصلہ آج متوقع ہے۔
شیڈول کے تحت پاکستان کو کل اپنا اگلا میچ ہانگ کانگ کے خلاف کھیلنا ہے، تاہم پی سی بی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم تاحال دبئی میں موجود ہے اور کھلاڑی آئی سی سی کے میچ ریفری کے فیصلے سے لاعلم ہیں۔
مزید پڑھیں: ایشیا کپ : فیکٹری مالک نے پاک بھارت میچ کے 700 ٹکٹس مفت تقسیم کر دیئے
ذرائع نے مزید بتایا کہ ایشیا کپ کے حوالے سے حتمی فیصلہ جلد ہی پی سی بی کی جانب سے سامنے آنے والا ہے، جس کے بعد آئندہ میچز کے بارے میں واضح صورتحال سامنے آئے گا۔
قبل ازیں، ذرائع نے یہ خبر دی تھی کہ آئی سی سی نے اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے کا پی سی بی کا مطالبہ مسترد کردیا ہے اور درمیانی راستہ نکالتے ہوئے صرف پاکستان کے میچز میں اینڈی پائی کرافٹ کو ریفری کے فرائض سے ہٹانے کی تجویز دی ہے، ان میچز میں ان کی جگہ رچی رچرڈسن کو ذمہ داریاں سونپنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
تاہم پی سی بی نے ایک بار پھر واضح کر دیا ہے کہ اگر پائی کرافٹ کو ریفری کے فرائض سے نہ ہٹایا گیا تو پاکستان ایشیا کپ کے بقیہ میچز کھیلنے سے انکار کر دے گا۔