واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ قطر امریکا کا اتحادی ہے اور اسرائیل قطر پر دوبارہ حملہ نہیں کرے گا۔
صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کے ساتھ مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قطر امریکا کا اتحادی ہے اور اسرائیل قطر پر دوبارہ حملہ نہیں کرے گا۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ حماس نے دھمکی دی ہے کہ وہ یرغمالیوں کو گولیوں کے سامنے لاکھڑا کرے گی، تاہم امریکا خطے میں امن قائم کرنے کے لیے اپنے اتحادیوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔
مزید پڑھیں: قطر امریکا کا اتحادی ہے، اسرائیل قطر پر دوبارہ حملہ نہیں کرے گا، صدر ٹرمپ
امریکا کی اندرونہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ میمفس میں بدامنی عروج پر ہے اور بدامنی کا شکار شہروں میں مرحلہ وار نیشنل گارڈز تعینات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شہروں سے جرائم کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ اگر حالات قابو میں نہ آئے تو اگلا قدم شکاگو کی طرف بڑھایا جائے گا۔ ان کے مطابق شکاگو اور نیو اورلینز میں بھی نیشنل گارڈز تعینات کیے جائیں گے جبکہ شدت پسند مظاہرین اور پیشہ ور تخریب کاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
امریکی صدر نے الزام لگایا کہ احتجاج کے نام پر کچھ عناصر جلاؤ گھیراؤ میں ملوث ہیں اور انٹرنیٹ کے ذریعے نوجوانوں کو برین واش کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چارلی کرک کے قاتل کا ذہن بھی بائیں بازو کے شدت پسندوں نے بدلا تھا۔ صدر ٹرمپ نے “فریڈم آف اسپیچ” کے بیانیے کے غلط استعمال پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔