امریکا کی کارروائیاں کھلی جارحیت ہیں، وینزویلا کا دنیا سے نوٹس لینے کا مطالبہ

کراکس: وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے امریکا کی جانب سے حالیہ فضائی کارروائیوں اور پالیسیوں کو “کھلی جارحیت” قرار دیتے ہوئے شدید ردعمل دیا ہے۔

عالمی میڈیا کے مطابق انہوں نے کہا کہ واشنگٹن کا رویہ نہ صرف وینزویلا کی خودمختاری پر حملہ ہے بلکہ خطے کے امن کے لیے بھی خطرہ بن چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مادورو نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی رویے کے باعث وینزویلا اور امریکا کے درمیان مواصلاتی روابط بڑی حد تک منقطع ہو چکے ہیں۔ صدر کا کہنا تھا کہ امریکا بہانے بنا کر وینزویلا کے خلاف فوجی اور سیاسی دباؤ بڑھا رہا ہے، لیکن وینزویلا اپنے عوام اور خودمختاری کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔

مزید پڑھیں: امریکا کے حملے کی صورت میں ہتھیار بند جمہوریہ کا اعلان کروں گا، صدر وینزویلا

مادورو نے واضح کیا کہ ان اقدامات سے خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ امریکا کی “غیر قانونی کارروائیوں” کا نوٹس لے اور لاطینی امریکا میں استحکام قائم رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

صدر مادورو نے کہا کہ وینزویلا کی حکومت اپنی سرزمین پر کسی بھی بیرونی مداخلت کو برداشت نہیں کرے گی اور اگر ضرورت پڑی تو سخت جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی “جارحانہ پالیسی” سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ واشنگٹن ابھی بھی نوآبادیاتی سوچ کو آگے بڑھا رہا ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق، امریکی حکام نے وینزویلا کے الزامات پر فوری ردعمل دینے سے گریز کیا ہے۔ تاہم خطے میں موجودگی رکھنے والے دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ کشیدگی بڑھنے سے علاقائی سلامتی کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے گزشتہ روز وینزویلا پر فضائی حملہ کیا گیا ہے، جس میں تین افراد ہلاک ہوئے ہیں، امریکی صدر نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حملے میں ہلاک ہونے والے افراد منشیات فروش اور دہشتگرد تھے۔

وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی فوج نے وینزویلا کے ڈرگ کارٹیل کے جہاز کو نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کارٹلز امریکی قومی سلامتی، خارجہ پالیسی اور مفادات کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب دہشت گرد منشیات منتقل کر رہے تھے۔ امریکی فوج کو ان حملوں میں کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔

انہوں نے واضح کیا کہ امریکی فورسز آئندہ بھی اسی طرح دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گی۔

Related posts

ہر موبائل فون میں اسرائیل کا حصہ ہے، نیتن یاہو کا دعویٰ

بانجھ پن کا الزام صرف خواتین پر کیوں؟ پروین اکبر نے معاشرے کے دوہرے معیار کو بےنقاب کردیا

سونے کی اونچی اوڑان، قیمت تاریخ کی نئی بلند ترین