شربت والے کے روپ میں جنسی درندے کے خلاف مزید مقدمات درج

کراچی: ڈیفنس پولیس نے بچوں اور نوجوانوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والے گرفتار ملزم شبیر احمد تنولی کے خلاف مزید تین مقدمات درج کر لیے ہیں۔

بول نیوز کے مطابق نئے مقدمات کے اندراج کے بعد جنسی درندے کے خلاف درج مقدمات کی تعداد چھ ہو گئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق نئے سامنے آنے والے متاثرین میں ایک لڑکا اور دو لڑکیاں شامل ہیں، جنہوں نے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کے ذریعے ملزم کو شناخت کیا اور پولیس کو اپنے بیانات ریکارڈ کرائے۔ تینوں مقدمات بھی زیادتی کی دفعات کے تحت درج کیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق اب تک کل سات متاثرین سامنے آ چکے ہیں، جن میں دو کم عمر بہنیں اور ایک لڑکا بھی شامل ہیں۔ پولیس مزید متاثرین کی تلاش میں ہے جبکہ گرفتار ملزم سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔

تفتیشی افسران کا کہنا ہے کہ شربت فروش کے بھیس میں معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والا یہ ملزم کئی سال سے اس مکروہ عمل میں ملوث رہا ہے، اور امکان ہے کہ مزید متاثرین بھی سامنے آئیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ڈیفنس تھانے کی حدود قیوم آباد سی ایریا گلی نمبر 18 میں شربت کی ریڑھی لگانے والا بھیڑیا صفت ملزم پکڑا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم سے تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزم شبیر احمد کئی کم عمر بچیوں کو زیادتی کا نشانہ بنا چکا ہے اور وہ زیادتی کرتے ہوئے معصوم بچیوں کی ویڈیوز بھی بناتا تھا۔

ایس ایس پی ساؤتھ مہظور علی نے بتایا کہ دوران تفتیش ملزم کے موبائل فون اور یو ایس بی ڈرائیو سے 200 سے زائد معصوم بچیوں کی ویڈیوز ملی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ملزم کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے اور وہ سال 2016 میں کراچی آیا اور قیوم آباد میں کرائے کے کمرے میں رہتا ہے۔ملزم نے 7 سے 13 سال کی عمر کی بچیوں کو اپنی ہوس کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے بتایا کہ جنسی درندگی کا نشانہ بننے والی بچیاں اسی علاقے کی ہیں اور کئی بچیوں کو وہ متعدد بار زیادتی کا نشانہ بنا چکا ہے۔ملزم پیسوں اور چیز کا لالچ دے کر بچیوں کو اپنے ساتھ کمرے میں لے جاتا تھا۔

ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ کئی بچیاں پیسوں کے لالچ میں اس کے پاس آتی تھیں اور پھر وہ انھیں مزید پیسوں کا لالچ دے کر ان کی بہنوں اور کزنز کو بھی بلاتا تھا ۔ملزم نے دو بہنوں سمیت کئی کم عمر بچیوں کو اپنی ہوس کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ملزم کے موبائل فون سے 100 سے زائد ویڈیوز ملی ہیں جبکہ اس کے پاس موجود یو ایس بی میں بھی 100سے زائد ویڈیوز موجود ہیں۔کئی ویڈیوز میں ملزم خود بھی نظر آ رہا ہے۔

ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ اس کا ایک دوست آصف جس کا انتقال ہو چکا ہے اس نے ملزم کو اس لت میں لگایا۔

علاقہ مکینوں نے بتایا کہ ملزم کی یو ایس بی ایک بچی کے ہاتھ لگی جسے وہ مقامی کمیونیکیشن شاپ پر فروخت کے لیے آئی جس کے بعد درندہ صفت ملزم بے نقاب ہو گیا۔

پولیس کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور تفتیش میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔

Related posts

ہنستے جائیں، صحت بہتر بنائیں

فواد خان کی فلم ’ابیر گلال‘ بالآخر سینما گھروں کی زینت بن گئی

سکھر میں ہندو برادری کی جانب سے پاکستان کی جیت کے لیے خصوصی پوجا